اسلام آباد کے نجی فلیٹ میں لڑکی قتل ’مقتولہ کو بیرون ملک سے بلایا گیا تھا‘

اردو نیوز  |  Dec 11, 2024

ویرا جوناتھن ایک خلیجی ملک میں اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ ایک دن جب وہ اپنی والدہ کے ہمراہ  بازار میں تھیں، تو ان کی ملاقات علی رضا نامی شخص سے ہوئی جس نے ویرا جوناتھن کو بتایا کہ ’وہ اُن کے شوہر سے علیحدگی کے کیس میں مدد کر سکتا ہے۔‘

ویرا جوناتھن اور ان کے شوہر جوناتھن منور کے درمیان ناچاکی کے سبب ناراضگی تھی، اور سنہ 2022 سے میاں بیوی میں علیحدگی کا کیس اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں زیر سماعت تھا۔ ویرا جوناتھن کو جب بظاہر ایک اجنبی شخص نے یہ بتایا کہ وہ عدالت سے کیس جیتنے میں ان کی مدد کر سکتا ہے، تو وہ حیران ضرور ہوئیں مگر بعد ازاں ان کی علی رضا نامی شخص سے شناسائی ہو گئی۔

ویرا جوناتھن کو تو علی رضا نے عدالتی کیس میں مدد کرنے کے حوالے سے اعتماد میں لے لیا تھا، لیکن اس سے اگلا مرحلہ انہیں پاکستان آنے پر آمادہ کرنا تھا جس کے لیے علی رضا نے ویرا جوناتھن کو قائل کرنا شروع کر دیا کہ وہ اگر پاکستان آئیں تو وہ اپنے جاننے والے وکلا سے ملاقات کروا کر ایک ہی دن میں کیس حل کروا دیں گے۔

ویرا جوناتھن نے اپنی والدہ کے ساتھ مشاورت کے بعد پاکستان آنے کا فیصلہ کیا اور وہ دو ہفتے قبل اسلام آباد پہنچیں۔

مقتولہ ویرا کے بھائی امر انیت نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ان کی بہن دبئی سے اسلام آباد آ کر راول ٹاؤن ان کے گھر رہائش پذیر ہوئیں۔ 9 دسمبر کو میری بہن کے کیس کی مقامی عدالت میں سماعت تھی، جس کے لیے وہ گھر سے روانہ ہوئیں۔‘

ویرا نے اپنے بھائی اور بھابھی کو بتایا کہ وہ آج عدالت جانے سے قبل اسلام آباد کے نجی رہائشی فلیٹ میں علی رضا سے ملاقات کریں گی، جس میں دیگر وکلا بھی شریک ہوں گے اور وہ کیس کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔ (فائل فوٹو: فیس بک)ویرا جوناتھن اسلام آباد کے نیو بلیو ایریا میں واقع الیزیم ٹاور میں گئیں اور پھر زندہ نہیں لوٹیں۔ پولیس نے رات 10 بجے مقتولہ کے بھائی کو بذریعہ فون کال بتایا کہ الیزیم ٹاور کے ایک کمرے سے ان کی بہن کی لاش ملی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے کیس کی تفتیش کا آغاز کیا ہے۔

کیس کے تفتیشی افسر کے مطابق ’انہیں پیر کی رات 9 بجے کے قریب نجی رہائشی ٹاور سے 15 پر کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ایک کمرے میں لڑکی مردہ حالت میں پائی گئی ہے۔‘

پولیس نے جب مقتولہ کی لاش کو دیکھا تو چہرے اور ہاتھ سمیت جسم کے بیشتر اعضا کی رنگت سرخ تھی تاہم جسم پر کسی گولی یا خنجر کے نشانات موجود نہیں تھے۔

پولیس کو شُبہ ہے کہ ویرا جوناتھن کی موت سانس روکنے یا منشیات کی وجہ سے ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔

مقتولہ اپنے کیس کے سلسلے میں والدہ کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں۔ (فوٹو: نیڈ پکس)مقتولہ کے لواحقین کا علی رضا پر قتل کا الزام

اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج ایف آئی آر میں مدعی مقدمہ نے اپنی بہن کے قتل کا الزام علی رضا نامی شخص  پر لگایا ہے، جس کے کہنے پر ویرا اسلام آباد آئی تھیں۔ ان کے مطابق مقتولہ کے سابق شوہر کی ایما پر علی رضا نے ویرا جوناتھن کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

مقتولہ کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ ویرا کو عدالت میں زیر سماعت کیس جیتنے کا جھانسہ دے کر پاکستان بلایا گیا اور پھر ملزمان نے ان کا قتل کر دیا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ نجی رہائشی ٹاور کے سٹاف سے بھی ضروری معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے اور نامزد ملزم علی رضا کی گرفتاری کے بعد قتل کی اصل وجوہات معلوم ہو سکیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More