سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سابق جج مظاہر علی نقوی کی جوڈیشل کونسل کے شوکاز نوٹس کے خلاف درخواست خارج کر دی ہے۔
مظاہر علی نقوی کی جوڈیشل کونسل کے خلاف درخواست پر سماعت 7 رکنی آئینی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران مظاہر علی نقوی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ’میرا اپنے مؤکل سے رابطہ نہیں ہو سکا، عدالت موکل سے رابطے اور ہدایات کے لیے مہلت دے۔‘
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ ’کیس میں کوئی نئی چیز نہیں ہے، شوکاز نوٹس کے خلاف کونسل کا تو فیصلہ آچکا ہے۔‘
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے مظاہرعلی نقوی کی شوکاز نوٹس کے خلاف درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی۔
واضح رہے کہ سابق جج مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف 10 شکایات جوڈیشل کونسل میں زیر غور ہیں۔ شکایات میں جسٹس مظاہر نقوی پر مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد ہیں۔ جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے اپنے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
79 ہزار عازمینِ حج کی درخواستیں منظور: ترجمان مذہبی امور
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ 10 دسمبر تک درخواستیں جمع کروانے والے تمام 79 ہزار عازمینِ حج کی درخواستیں منظور کر لی گئی ہیں۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق ’گذشتہ ایک ہفتہ کی توسیع کے دوران 10 ہزار سے زائد نئی درخواستیں جمع ہوئیں۔ عازمینِ حج کے اصرار پر چند ہزار خالی نشستوں پر پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستیں روکنے کا اعلان کیا جائے گا۔‘
وزارتِ مذہبی امور نے نئے حج درخواست گذاروں کو ہدایت کی ہے کہ درخواست جمع کروانے کے بعد متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسید ضرور حاصل کریں۔ کمپیوٹرائزڈ رسید پر درج تاریخ اور وقت کے حساب سے ’پہلے آئیے پہلے پائیے‘کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق سپانسرشپ حج سکیم بھی پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پرجاری رہے گی۔ سرکاری کوٹہ مکمل ہونے پر حج واجبات کی دوسری قسط کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ عازمینِ حج نئی ہدایات مثلا بقیہ حج واجبات کا شیڈول، تربیت اور پروازوں کی اطلاع کے لیے اپنے سمارٹ فون پر ’پاک حج موبائل ایپ‘ کا استعمال لازمی کریں۔
پاکستان اور چین کے درمیان واریئر 8 مشقوں کا انعقاد: آئی ایس پی آر
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان 19 نومبر سے 11 دسمبر تک مشترکہ جنگی مشقوں وارئیر 8 کا انعقاد کیا گیا۔
بیان کے مطابق ’انسداد دہشتگردی شعبے میں تین ہفتے طویل مشقیں ’واریئر 8‘ سالانہ مشقوں کے سلسلے میں آٹھویں مشق ہے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’مشقوں میں پاکستان اور چین کے دستوں نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا۔‘
مشقوں کے دوران وزیٹرز ڈے تقریب کے دوران شرکا نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا۔ تقریب میں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
بیان کے مطابق ’پاکستان میں متعین چینی سفیر دیگر چینی مہمانوں کے ساتھ تقریب میں موجود تھے ،شرکا نے مشقوں کے دوران دستوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور بلند معیار تربیت کو سراہا۔‘
کرم کی مرکزی شاہراہ جلد کھول دی جائیں گی: بیرسٹر سیف
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد سیف کا کہنا ہے کہ ضلع کرم کی مرکزی شاہراہیں بہت جلد آمد و رفت کے لیے کھول دی جائیں گی۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ضلع کرم کے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں فریقین امن چاہتے ہیں، تاہم کچھ عناصر کے مفادات جنگ سے وابستہ ہیں۔ ضلع کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر ہے۔‘
انہوں نے کاہ کہ موجودہ گرینڈ جرگے کو اس بار اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلیں اس لعنت سے محفوظ رہ سکیں۔‘
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ ’صوبائی حکومت ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے ادویات کی فراہمی جاری رکھے گی۔ فضائی آمد و رفت سروس کی بحالی زیر غور ہے اور چند دنوں میں اس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔‘
مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے گذشتہ روز منگل کو صوبائی سطح پر ایک سپروائزری کمیٹی قائم کی ہے۔ کمیٹی میں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان: محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔
کوہستان، چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔