مشہوربھارتی اداکاراغواء ہوگئے

سچ ٹی وی  |  Dec 11, 2024

بھارتی فلم اور ٹی وی کے مشہور اداکار مشتاق خان کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 54 سالہ اداکار کو 12 گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا گیا اور ان سے 2 لاکھ روپے تاوان مانگا گیا، اس دوران ان پر تشدد بھی کیا گیا۔ بھارتی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، واقعہ 20 نومبر کو ریاست اتر پردیش میں پیش آیا تھا۔

مشتاق خان کو 15 نومبر کو ممبئی میں راہول سینی شخص نے فون کر کے میرٹھ میں ایک پروگرام میں مدعو کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مشتاق خان اس طرح کی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں اس لیے انہوں نے اس فون کال کو اپنے لیے خطرے کی گھنٹی نہیں سمجھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول سینی نے تقریب میں شرکت کے لیے اداکار کو فیس ادا کرنے کا بھی وعدہ کیا اور انہیں فوری طور پر آن لائن 25 ہزار روپے ٹرانسفر کر دیے گئے جبکہ باقی رقم بعد میں ادا کرنے کا کہا گیا۔

مشتاق خان کو ممبئی سے دہلی کا ایئر ٹکٹ بھی بھیجا گیا، جس کے بعد وہ 20 نومبر کو دہلی پہنچے اور راہول سینی کی بھیجی ہوئی ٹیکسی میں سوار ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیکسی میں ڈرائیور کے علاوہ ایک اور شخص بھی موجود تھا، بعد ازاں آگے جا کر گاڑی روک کر مشتاق خان کو دوسری گاڑی میں بیٹھنے کے لیے کہا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق اُس گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ 2 مزید افراد بھی تھے، آگے جا کر گاڑی میں پھر سے مزید 2 لوگ بیٹھ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس موقع پر مشتاق خان نے شور مچایا جس کے بعد گاڑی میں موجود افراد نے ان کے چہری پر چادر ڈال دی اور ان سے سر نیچے رکھنے کا کہا۔

ایف آئی آر کے مطابق تقریباً تین چار گھنٹے بعد مشتاق خان کو ایک گھر میں لایا گیا جہاں اغواء کاروں نے ان پر تشدد کیا اور گھر والوں کو فون کر کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنے کے لیے کہا۔

اغواء کاروں نے مشتاق خان کا فون لے کر اکاؤنٹ سے تقریباً 2 لاکھ روپے منتقل کیے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اغواء کاروں نے رقم منتقل کرنے کے بعد شراب پی اور صبح سویرے گھر سے نکل گئے جس کے بعد مشتاق خان وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق مشتاق خان فرار ہونے کے بعد قریبی مسجد پہنچے جہاں کے امام نے ان کے خاندان کے افراد سے رابطہ کرنے میں ان کی مدد کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے کی ایف آئی آر مشتاق خان کے منیجر کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اداکار کی طبیعت بہت خراب تھی اور اس لیے انہوں نے ایف آئی آر درج کرانے کا مجھے کہا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ اسی طرح کی واردات بھارتی کامیڈین سنیل پال کے ساتھ بھی ہوئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More