شانگلہ میں چوہوں کے خلاف دو روزہ ’گرینڈ‘ آپریشن کا فیصلہ، ’یہ چوہے نہیں خوفناک جانور ہیں‘

اردو نیوز  |  Dec 10, 2024

خیبر پختونخوا کے دوردراز علاقے شانگلہ میں مقامی کمیٹی نے چوہوں کے خلاف دو روزہ آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ضلع شانگلہ تحصیل پورن گاؤں الوچ کی اصلاحی کمیٹی نےعلاقے میں چوہوں کے خلاف جمعرات اور جمعہ کو آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔اس آپریشن کے دوران مقامی کمیٹی ممبران تحصیل میونسپل کمیٹی کے ساتھ مل کر علاقے میں چوہوں کی بڑھتی تعداد کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرے گی۔

مقامی افراد کے مطابق علاقے میں چوہوں کی بھرمار سے لوگ تنگ آچکے ہیں جس کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔اصلاحی کمیٹی الوچ کے سربراہ شاہد علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ مقامی سطح پر قدم قدم پر چوہے پائے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول ’ہمارے ہوٹلوں، دکانوں، سڑکوں اور ندیوں سمیت ہر جگہ چوہے اتنے زیادہ ہوگئے ہیں کہ کھانے کی چیزیں تک محفوظ نہیں ہیں۔’گھروں سمیت ندی نالوں میں چوہے اچھلتے کودتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے اشیائے خورونوش پر ناپاکی کا شک گزرتا ہے۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ چوہوں کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔لوگوں کی مشکلات اور آپریشن سے متعلق انہوں نے مزید بتایا کہ ’پہلے بھی چوہا مار ادویات مختلف جگہوں پر رکھی گئی تھیں لیکن اس سے کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہ ہوسکا اس لیے اب دو روزہ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اصلاحی کمیٹی الوچ تحصیل پورن نے تحصیل میونسپل آفیسر (ٹی ایم او) عصمت اللہ سے ملاقات کی اور چوہوں کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات سے متعلق انہیں آگاہ کیا۔اصلاحی کمیٹی کے سربراہ نے بتایا کہ ’ٹی ایم او نے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘اس دو روزہ آپریشن میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے اہلکار ہماری نشان دہی پر چوہا مار دوا رکھیں گے تاکہ ان سے چھٹکارا پا کر علاقے کو صاف کیا جا سکے۔

آپریشن سے قبل لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے اعلان بھی کروایا گیا تاکہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں (فائل فوٹو: فری پِک)

اصلاحی کمیٹی کے سربراہ نے بتایا کہ ’آپریشن سے قبل مقامی مسجدوں میں اعلان بھی کروایا گیا ہے تاکہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔‘’علاقے میں مال مویشیوں کی تعداد بھی زیادہ ہے اور بچے بھی گھومتے ہیں۔ اس لیے مقامی مسجدوں اور ائمہ کے ذریعے اعلانات کروائے گئے ہیں تاکہ ان دو دنوں کے دوران چوہا کش دوا سے کسی جانور یا بچے کو نقصان نہ پہنچے۔‘ان کے بقول ’اصلاحی کمیٹی نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے آگاہی پیغام بھی نشر کیا جس میں عوام کو دو روزہ چوہا کش آپریشن اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔‘چوہوں سے متعلق مقامی شہری شدید پریشان ہیں۔ مظہر اللہ الوچ کے رہائشی ہیں، وہ بتاتے ہیں کہ ان چوہوں پر کسی بڑے خوفناک جانور کا گمان ہوتا ہے۔ان کے بقول ’راستے میں ہر جگہ ایسے چوہے نظر آجاتے ہیں جنہیں دیکھ کر یہ نہیں لگتا کہ یہ چوہے ہیں بلکہ ان کی جسامت بہت بڑی ہوتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ چوہے نہیں بلکہ کوئی خوفناک جانور ہیں۔‘’یہاں کئی بیکریاں ہیں جہاں سے ہم خریداری کرتے ہیں، کیا معلوم یہ چوہے ان کو بھی ناپاک کرتے ہوں۔ اس لیے صرف آپریشن نہیں بلکہ گرینڈ آپریشن ہونا چاہیے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More