پاکستان کے معروف سیاحتی مقام مری میں کل سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور اگلے 24 گھنٹوں تک مزید بارش و برفباری کے بھی امکانات ہیں۔قدرتی آفات سے نمٹنے والے محکمے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ سڑکوں پر انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکاﺅ کیا جا رہا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ ہیوی مشینری کے استعمال سے برف کو ساتھ ساتھ ہٹایا جائے۔ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔‘انہوں نے کہا کہ ’مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 فسیلیٹیشن مراکز قائم ہیں۔ سیاحوں سے گزارش ہے کہ موسم کی صورتحال کا جائزہ لے کر سفر پر نکلیں۔‘اس سے قبل اتوار کو مری، گلیات اور ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں بارش اور کہیں کہیں برفباری ہوئی ہے جس کے بعد موسم سرد ہو گیا ہے۔پاکستان کے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں 14 دسمبر تک سردی کی لہر کا امکان ہے۔پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے درجہ حرارت چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بلوچستان اور سندھ میں پانچ سے سات ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔اس کے علاوہ سات سے 11 دسمبر کے دوران چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، استور، غذر، گلگت، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی، حویلیاں اور باغ تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔