’سپر اسٹار‘ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ اب لوگ ان سے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے سے متعلق سوال کرنا بند کردیں۔
ماہرہ خان نے کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان (اے سی پی) میں جاری سترہویں اردو کانفرنس کے سیشن ’میں ہوں کراچی‘ میں بات کرتے ہوئے نہ صرف شاہ رخ خان سے متعلق گفتگو کی بلکہ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ ان کے آباؤ و اجداد کا تعلق بھارت سے تھا، قیام پاکستان کے بعد ان کے خاندان نے ہجرت کی اور کراچی آکر بسے۔ ان کے مطابق ان کے والد اور تایا کی پیدائش دہلی میں ہوئی تھی لیکن باقی ان پھوپھیاں اور چاچہ یہیں پیدا ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے کراچی کے خالد بن ولید روڈ پر گھر بنایا، اس وقت بھی مذکورہ روڈ پر گاڑیوں کے شوروم ہوتے تھے، صرف ان کا تنہا گھر ہوتا تھا۔
ماہرہ خان کے مطابق ان سمیت ان کے تمام کزنز بھی اسی گھر میں پیدا ہوئے اور سب کی شادیاں بھی اسی گھر سے ہوئیں، ان کی دادی کی خواہش تھی کہ جب تک وہ زندہ ہے، تب تک وہ اسی گھر میں ہی رہیں گے۔
اپنی شادی پر بھی ماہرہ خان نے کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ 21 دسمبر 1984 کو کراچی کے معروف ہسپتال لیڈی ڈفرن میں پیدا ہوئیں اور ان کی عمر 39 سال ہے، چالیس برس کی ہونے والی ہیں۔
گفتگو کے دوران ماہرہ خان نے کراچی کو اپنا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ زندہ ہیں، ان کا تعلق کراچی سے رہے گا۔
ایک سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ وہ شاہ رخ خان پر بات کرنے سے تنگ نہیں آتیں لیکن لوگوں کے غلط مطلب نکالنے سے پریشان ہوتی ہیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ وہ خود سے شاہ رخ خان پر بات نہیں کرتیں، جب ان سے بولی وڈ اداکار سے متعلق کوئی سوال کیا جاتا ہے تو وہ اس کا جواب دیتی ہیں۔
اداکارہ نے شکوہ کیا کہ سوال پوچھنے پر جواب دینے کے بعد لوگ تبصرہ کرتے ہیں اور ان پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ خود ہر بار شاہ رخ خان پر بات کرتی ہیں لیکن درحقیقت ایسا نہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسی لیے وہ یہی کہتی اور چاہتی ہیں کہ کوئی ان سے شاہ رخ خان سے متعلق کوئی سوال نہ کرے تاکہ وہ کوئی جواب بھی نہ دیں۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان 2016 میں شاہ رخ خان کے ساتھ بولی وڈ فلم ’رئیس‘ میں کام کر چکی ہیں اور اداکارہ متعدد بار اداکار کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوالوں کے کھل کر جواب دیتی رہی ہیں۔