اینڈرائیڈ ایپس کے ذریعے سرکاری افسران کا ڈیٹا چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے ایڈوائزری جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ گوگل پلے سٹور پر موجود کچھ مشتبہ ایپس پاکستانی آفیشلز کو نشانہ بنانے میں ملوث ہیں، یہ ایپس صارفین کی رضامندی سے ذاتی اور مالی ڈیٹا چوری کرتی ہیں، یہ ایپس میڈیا فائلز، رابطوں کی فہرست، کالز اور پیغام کے لاگز چوری کرنے میں ملوث ہیں۔
نیشنل سرٹ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ کچھ ایپلی کیشنز پاکستانی صارفین کی ذاتی معلومات کو مالی فوائد کیلئے پیش کرتی ہیں، صارفین نادانستہ طور پر ایپس کو حساس ڈیٹا تک رسائی کی اجازت دیتے ہیں۔
نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ٹیم کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ صارفین صرف مستند ذرائع سے ایپس انسٹال کریں، صارفین غیر ضروری رسائی کو روکنے کیلئے ایپ کی اجازتوں کا باقاعدگی سے جائزہ لیں، ڈیٹا چوری سے بچنے کیلئے مضبوط پاسورڈ اور ملٹی فیکٹر تصدیق کریں۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دلچسپ فیچر آڈیو ایموجی کی شکل میں متعارف
ایڈوائزری میں صارفین کو معتبر اینٹی وائرس اور اینٹی مالویئر فاسٹ ویئر انسٹال کرنے، لوکیشن سروسز ضرورت نہ ہونے پر بند رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
نیشنل سرٹ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ صارفین حساس ماحول میں سمارٹ فونز استعمال کرنے سے گریز کریں، شہری اور سرکاری افسران سائبر سکیورٹی حملوں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔