فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے شادی کی تقریبات پر ٹیکس کا نیا بوجھ ڈال دیا ہے، جس کے تحت شادی ہالز مالکان نے آئندہ تمام ایونٹس پر 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اضافی رقم ہال کے کرائے سے بالکل الگ ہوگی اور براہ راست ٹیکس کے زمرے میں آئے گی۔
ایف بی آر حکام اور شادی ہال مالکان کی تنظیم کے درمیان ایک اہم ملاقات میں معاملات طے پا گئے، جس کے بعد شادی اور دیگر تقریبات پر مذکورہ ٹیکس لاگو کرنے پر اتفاق ہوا۔
ٹیکس پالیسی کے مطابق، یہ ودہولڈنگ کٹوتی کسی بھی تقریب کے انتظامی اخراجات میں شامل نہیں ہوگی، بلکہ الگ سے جمع کی جائے گی۔
شادی ہالز انتظامیہ کے مطابق، اس ٹیکس کو نافذ کرنے کے لیے پہلے سے بکنگ کرانے والے افراد کو بھی آگاہ کیا جائے گا، تاکہ کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔