امیر جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مدارس کی آزادی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
انہوں نے یہ بات وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت متفقہ بل کو متنازعہ بنانے سے گریز کرے ،مدارس سے متعلق ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔
بلاول بھٹو نے مدارس رجسٹریشن بل پر مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کردیئے
جے یو آئی ف کے رہنما اسلم غوری نے کہا کہ مولانا نے وزیر اعظم کو مدارس رجسٹریشن بل پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے بل پر تمام تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
قبل ازیں جمیعت علماء اسلام کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری نے حکومت کو تنبیہ کی ہے کہ اگر بل منظور نہیں کیا گیا تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو دینی مدارس کا بل ہر صورت میں منظور کرنا ہو گا۔
عبد الغفور حیدری نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے لیکن اگر 8 دسمبرتک بل پر دستخط نہ کئے گئے تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بل منظور کر کے روکا گیا، یہ بدنیتی ہے، بلاول بھٹو نے بھی یقین دہانی کرائی کہ صدرسے بات کر کے بل منظور کرائیں گے۔
واضح رہے اس سے قبل جے یو آئی کے سربراہ مو لانا فضل الرحمان نے بھی مدارس بل دستخط نہ کرنے کی صورت میں اسلام آباد جانے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔