حلب کے بعد حما پر بھی باغیوں کا قبضہ: شام میں کون سا علاقہ کس کے کنٹرول میں ہے؟

بی بی سی اردو  |  Dec 06, 2024

Getty Imagesشامی باغیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے ملکی فوج کی جانب سے حما شہر سے فوجیں واپس بلائے جانے کے بعد ملک کے دوسرے بڑے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے

شامی باغیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے ملکی فوج کی جانب سے حما شہر سے فوجیں واپس بلائے جانے کے بعد ملک کے دوسرے بڑے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ اسے صدر بشار الاسد کے ایک اور دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

عسکریت پسند تنظیم ہیئت تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کے رہنما ابو محمد الجولانی نے حما میں ’فتح‘ کا اعلان کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ ’بدلہ نہیں لیا جائے گا۔‘

اس سے قبل ایچ ٹی ایس کے جنگجوؤں اور ان کے اتحادیوں نے شدید جھڑپوں کے بعد حما کی مرکزی جیل پر قبضہ کرتے ہوئے متعدد قیدیوں کو رہا کروایا تھا جبکہ فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے اپنے دستے شہر سے باہر تعینات کر دیے ہیں۔

حما میں 10 لاکھ افراد آباد ہیں اور یہ حلب کے جنوب میں 110 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ یاد رہے کہ باغیوں کی جانب سے حلب شہر پر ایک اچانک حملے کے بعد گذشتہ ہفتے قبضہ کیا گیا تھا۔

باغیوں کے کمانڈر کی جانب سے حلب کے جنوب میں واقع اگلے شہر حمص کے رہائشیوں کو مخاطب کر کے کہا گیا ہے کہ ’اب آپ کا وقت آن پہنچا ہے۔‘

ماضی میں صدر اسد نے اپنے حریفوں کو تباہ کرنے کے لیے روس اور ایران پر انحصار کیا ہے۔ لیکن کیونکہ دونوں اتحادی خود خطے میں نئے تنازعات سے نبردآزما ہیں اس لیے یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کس طرح باغیوں کی اس پیش قدمی کو روک پائیں گے جو اب بشار الاسد کی حکومت کی بقا کے لیے براہ راست خطرہ بن چکی ہے۔

اگرچہ شام میں 13 سال کی لڑائی کے بعد بھی جنگ جاری رہی تاہم یہ اس وقت تک شہ سرخیوں سے اوجھل رہی جب تک کہ جہادی گروپ ہیئت تحریر الشام نے گذشتہ ہفتے حلب پر حیرت انگیز پیش قدمی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں بڑے علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔

یاد رہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف ایک پرامن بغاوت 2011 میں ایک مکمل خانہ جنگی میں بدل گئی تھی۔ اس تنازعے میں تقریباً پانچ لاکھ افراد ہلاک ہوئے جبکہ روس اور امریکہ کی مداخلت نے اس کو ایک ’پراکسی وار‘ میں بدل دیا۔

آج شام چار مختلف حصوں میں تقسیم ہو چکا ہے جس پر یا تو بشار الاسد کی حکومت ہے یا ایسے خود ساختہ مسلح گروہوں کی جن کے مختلف نظریات اور وفاداریاں ہیں۔

شام کے کس حصے کو کون کنٹرول کرتا ہے اس میں جنگ کے آغاز کے بعد سے نمایاں تبدیلی آئی ہے۔

ابتدائی طور پر باغیوں کے ہاتھوں وسیع علاقہ کھونے کے بعد صدر بشار الاسد کی حکومت 2015 کے بعد سے روس کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور حلب پر باغیوں کی تازہ پیش قدمی سے پہلے تک ملک کے تقریباً دو تہائی حصے پر کنٹرول بحال کر لیا۔

شمال میں جہاں شام کی سرحدیں ترکی سے ملتی ہیں وہاں متعدد سرحدیں خود ساختہ حکام یا دیگر ممالک کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں نے کھینچی ہیں۔

BBC

ایک نجی سکیورٹی ادارے میں کام کرنے والے تجزیہ کار سیرحت ایرکمان کا کہنا ہے کہ ’دارالحکومت دمشق کے مشرق سے لے کر دریائے فرات تک، ایرانی اثر و رسوخ اب بھی موجود ہے۔‘

ان کے مطابق بحیرۂ روم کا ساحل اور وہاں سے دمشق تک کا علاقہ اور جنوبی سرزمین روس کے زیر اثر ہیں۔

یاد رہے کہ ایران اور روس بشار الاسد حکومت کے سب سے زیادہ حمایتی مانے جاتے ہیں۔

لیکن خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت نے سب تبدیل کر دیا ہے۔ اسرائیل کے ساتھ تنازع میں پھنس کر ایران اور حزب اللہ کو الجھا دیا جبکہ روس نے یوکرین کے ساتھ جنگ پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

اگرچہ ان تمام کرداروں نے اب بھی بشار الاسد حکومت کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تازہ ترین کشیدگی کے دوران زمینی سطح پر ان کی حمایت میں کمی آئی ہے۔

حلب اور اس کے آس پاس کے علاقے اور اب حما شہر بھی فرقے کی اسلام پسند سیاسی اور مسلح تنظیم ہیئت تحریر الشام کے زیر قبضہ ہیں۔

بحیرہ روم پر واقع شام کی اہم بندرگاہ لتاکیہ بشار الاسد کے کنٹرول میں ہے اور خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد سے اس جگہ کا اہم کردار رہا ہے۔

Getty Images’اسے نصرہ فرنٹ کہا جاتا تھا اور بہت سے لوگ اس نام سے واقف بھی ہوں گے۔ یہ شام میں القاعدہ کی شاخ تھی۔‘ادلب پر کس کا قبضہ؟

شام کی شمالی سرحد کی جانب فقط 120 کلومیٹر کے فاصلے پر صوبہ ادلب ہے جہاں 2015 میں حکومتی فورسز کا کنٹرول ختم ہونے کے بعد سے حزب اختلاف کے متعدد حریف دھڑوں کا قبضہ رہا ہے اور اس وقت یہ زیادہ تر ہیئت تحریر الشام کے کنٹرول میں ہے۔

بی بی سی مانیٹرنگ کی میڈیا سپیشلسٹ مینا اللامی کہتی ہیں کہ ’اسے نصرہ فرنٹ کہا جاتا تھا اور بہت سے لوگ اس نام سے واقف بھی ہوں گے۔ یہ شام میں القاعدہ کی شاخ تھی۔‘

سنہ 2016 میں نصرہ فرنٹ نے القاعدہ سے اپنے تعلقات توڑنے کا اعلان کیا کیونکہ مقامی باغی گروپ القاعدہ کے نام کی وجہ سے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر رہے تھے۔

مینا اللامی کہتی ہیں کہ ’ہر کوئی القاعدہ کی شہرت سے خوفزدہ تھا۔ لہٰذا گروپ نے اپنی آزادی کا اعلان کیا۔‘

اگرچہ جہادی گروپ ہیئت تحریر الشام کا دعویٰ ہے کہ وہ آزاد ہے اور کسی بیرونی ادارے سے منسلک نہیں اور نہ اس کے کوئی عالمی جہادی عزائم ہیں، تاہم اقوامِ متحدہ، امریکہ اور ترکی اسے القاعدہ سے وابستہ گروہ سمجھتے ہیں اوراس کا شمار دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں کرتے ہیں۔

شامی صحافی سارکیس کاسرگیان کا کہنا ہے کہ خطے میں ہیئت تحریر کی حمایت کرنے والے بہت سے بنیاد پرست گروہ ہیں جیسے ترکستان اسلامک پارٹی جو ایک چینی ایغور اکثریتی جہادی گروپ ہے۔

زیادہ تر ترکی کے حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کو ادلب سے باہر نکالنے کے بعد ہیئت تحریر الشام نے علاقے میں ایک انتظامی اتھارٹی قائم کر لی ہے۔

مینا اللامی کہتی ہیں کہ ’اس میں وزارتیں ہیں، اس میں ایسے وزرا شامل ہیں جو سوشل میڈیا پر بہت متحرک ہیں، نئے منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں، تعمیر نو پر توجہ دے رہے ہیں، اور گریجویشن ایونٹس میں شرکت کر رہے ہیں۔‘

’لہٰذا یہ واقعی خود کو ایک چھوٹی ریاست کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ریاست کے اندر ایک چھوٹی ریاست چل رہی ہے اور یہ بین الاقوامی برادری کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘

سنہ 2017 میں ترکی، جس نے شامی حکومت کی مخالفت کی تھی، اور شام کے اتحادی روس اور ایران نے قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہونے والے مذاکرات میں ادلب سمیت ہتھیاروں سے پاک (ڈی ایسکلیشن) زون قائم کرنے کے لیے ایک معاہدہ کیا تھا جس کا مقصد لڑائی کو روکنا تھا۔

اگلے سال روس اور ترکی نے صوبہ ادلب میں ایک غیر فوجی علاقہ بنانے پر اتفاق کیا تاکہ وہاں مقیم باغی جنگجوؤں سے سرکاری افواج کو الگ کیا جا سکے۔

ابو محمد الجولانی: شامی فوج کو ’حیران کن‘ شکست سے دوچار کرنے والے گروہ کے ’پراسرار‘ سربراہشامی باغیوں کی ’ناقابل یقین‘ پیش قدمی جس نے بشار الاسد سمیت روس کو بھی مشکل میں ڈال دیا’یزیدی خواتین کو قید رکھنے‘ کے جرم میں سزائے موت پانے والی دولتِ اسلامیہ کے رہنما ابوبکر البغدادی کی بیوہ اُمِ حذیفہ کون ہیں؟نو کلومیٹر طویل ’نئی عسکری سرحد کی تعمیر‘: سیٹلائٹ تصاویر غزہ کی پٹی کے شمال میں نئی یہودی بستیوں کے قیام کا عندیہ ہیں؟عفرین کون کنٹرول کر رہا ہے؟

شام کے شمال مغرب میں واقع کردوں کے زیر قبضہ رہنے والا عفرین آج ترکی کی حمایت یافتہ بشار الاسد مخالف گروہوں کے کنٹرول میں ہے۔

سنہ 2018 میں ترکی نے کرد وائی پی جی جنگجوؤں پر مشتمل ایک بارڈر سکیورٹی فورس تشکیل دینے کے امریکی فیصلے کے بعد سرحد کے دوسری طرف کرد فورسز پر بڑے پیمانے پر حملہ شروع کیا۔

ان حملوں کو ترکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ اور عسکریت پسندوں کے گروہ ’پی کے کے‘ کی شاخ کے طور پر دیکھتا ہے جو ترکی کے جنوب مشرق میں تین دہائیوں سے جنگ لڑ رہا ہے۔

اس وقت سے ترکی اور اس کے اتحادی شامی گروہ نے عفرین کے علاقے کو کنٹرول کر رکھا ہے۔

Getty Images

ترکی نے سنہ 2017 میں ان عسکریت پسند گروہوں کو اکٹھا کیا تھا جن کو اس نے شامی نیشنل آرمی (SNA) کا نام دیا تھا۔ انھیں پہلے فری سیرین آرمی (FSA) کہا جاتا تھا۔

شامی نیشنل آرمی ان گروہوں پر مشتمل ہے جو براہ راست ترک فوج یا انٹیلیجنس سے منسلک ہیں مثلاً سلطان مراد ڈویژن اور دیگر گروپس جن کا تعلق اخوان المسلمون اور قطر سے ہے۔

بی بی سی مانیٹرنگ سے مینا اللامی کہتی ہیں کہ ’جہاں تک ہماری معلومات ہیں یہ گروہ جہادی گروپس کے ساتھ مل کر کام نہیں کرتے۔‘

’تاہم یہ یقیناً خطے میں ترکی کے اپنے ایجنڈے، ترجیحات اور عزائم کے عین مطابق ہیں۔ لہٰذا وہ کُرد قیادت والی شامی جمہوری فورسز اور یقیناً شامی حکومتی افواج کے سخت محالف ہیں۔‘

ترکی کی حمایت سے شامی نیشنل آرمی آج دریائے فرات کے مغرب میں عفرین سے جرابلس تک اور مشرق میں راس العین اور تل ابیض تک کے علاقوں کو کنٹرول کررہی ہے۔

30 نومبر کو انھوں نے حلب کے شمال میں کرد فورسز کے خلاف آپریشن شروع کیا اور پیش قدمی کرتےہوئے تل رفعت نامی قصبے سمیت دیگر علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا جو پہلے کردوں کے زیر قبصہ تھے۔

شامی نیشنل آرمی دراصل شام کی عبوری حکومت نامی انتظامی اتھارٹی کا حصہ ہے جبکہ ترکی کی حکومت اور فوج بھی خطے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

منبج پر کس کا کنٹرول ہے؟

شمال میں ایک اور نمایاں گروپ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (SDF) ہے۔

کردوں، عربی ملیشیا اور باغی گروہوں کا یہ اتحاد دریائے فرات کے مشرق سے عراقی سرحد اور مغرب میں منبج شہر تک کے علاقوں کو کنٹرول کرتا ہے۔

شامی ڈیموکریٹک فورسز نے 2018 میں یکطرفہ طور پر شمالی اور مشرقی شام کی خود مختار انتظامیہ کے نام سے ایک ادارے کا اعلان کیا جو شام کے ایک چوتھائی علاقے کو کنٹرول کرتا ہے اور امریکہ اور روس دونوں کے فوجی اڈوں کے لیے میزبانی کا کام انجام دیتا ہے۔

Getty Imagesسیریئن ڈیموکریٹک فورسز کو عسکریت پسند گروہ دولتِ اسلامیہ کے خلاف امریکی قیادت کے اتحادی کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور ان کی افواج مشترکہ فوجی مشقیں کرتی ہیں

سیکورٹی تجزیہ کار سیرہت ارکمین کے مطابق ’ایس ڈی ایف دیگر اپوزیشن گروپس سے الگ، اپنی بین الاقوامی قانونی حیثیت قائم کرنے کے لیے واشنگٹن اور ماسکو کے ذریعے دونوں چینلز کو استعمال کر رہا ہے۔

’ایک طرف تو وہ شامی حکومت سے مذاکرات کر رہے ہیں کہ ملک کے مستقبل میں ان کی حیثیت کا تعین کیا جا سکے تو دوسری طرف وہ امریکہ سے قریبی، سیاسی اقتصادی اور عسکری ہم آہنگی برقرار رکھے ہوئے ہیں جس کی شامی حکومت بھرپور مخالفت کرتی ہے۔‘

ترکی کی سرحد پر شامی ڈیموکریٹک فورسز کی موجودگی انقرہ کے لیے باعث تشویش ہے اور بہت سے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حلب کی طرف باغیوں کی حالیہ پیش قدمی کا ایک مقصد بشار الاسد حکومت کو ترکی کے صدر اردوغان کے ساتھ شمال میں ایک مخفوظ زون کے حوالے سے معاہدے پر بات چیت کرنے پر مجبور کرنا ہے۔

کیا نام نہاد دولتِ اسلامیہ کا خطرہ ٹل گیا؟

عسکریت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ (آئی ایس)، جسے داعش بھی کہا جاتا ہے، نے سنہ 2014 میں اپنی نام نہاد خلافت کا اعلان کیا تھا اور برسوں تک شام اور عراق کے وسیع حصوں پر قبضہ کرنے میں اسے کامیابی ملی تھی۔

داعش کے آنے کے بعد شام میں جنگ کا رخ بدل گیا تھا اور اسے شکست دینے کے لیے 70 سے زائد ممالک نے امریکی قیادت میں اتحاد تشکیل دیا تھا۔

سنہ 2019 میں اس اتحاد نے بالآخر داعش کو شام میں اس کی آخری پناہ گاہ سے نکال باہر کیا تھا لیکن کیا شام میں داعش کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے؟

مینا اللامی کہتی ہیں کہ ’یہ اب ایک باغی گروپ کی طرح ہے جو ’ہٹ اینڈ رن‘ کی حکمت عملی پر حملے کر رہا ہے، لیکن یہ شام میں اب بھی بہت فعال ہے، اور اس سال اس کے حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔‘

وہ بتاتی ہیں کہ داعش کے لیے ایک اہم موڑ اس وقت آ سکتا ہے جب وہ آئی ایس کے جنگجوؤں اور زیر حراست خاندانوں کو سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے زیر کنٹرول مختلف کیمپوں سے رہا کروانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔

Getty Imagesداعش کے مشتبہ جنگجوؤں کے ساتھ ہزاروں خواتین اور بچے حراستی کیمپوں میں قید ہیں

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ نام نہاد دولتِ اسلامیہ کی شکست کے پانچ سال بعد بھی ہزاروں افراد کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ان میں 11,500 مرد، 14,500 خواتین اور 30,000 بچے کم از کم 27 حراستی مراکز اور دو حراستی کیمپوں میں رکھے گئے ہیں۔

مینا اللامی کہتی ہیں کہ ’داعش کی نظر ان کیمپوں پر ہے۔ یہ کسی بھی بحران، سکیورٹی میں کسی بھی کمزور لمحے کا منتظر ہے کہ کب وہ ان کیمپوں اور جیلوں پر حملے کرے اور وہاں سے اپنے لوگوں کو آزاد کروائے۔‘

وہ مزید کہتی ہیں کہ ’شمالی شام میں ترکی کی قیادت میں ایک بڑا فوجی آپریشن ہو سکتا ہے اور یہ ممکنہ طور پر کرد فورسز کے خلاف ہو گا یا شام میں شیعہ ملیشیا کے خلاف ایک بڑا امریکی آپریشن بھی ممکن ہے۔‘

ابو محمد الجولانی: شامی فوج کو ’حیران کن‘ شکست سے دوچار کرنے والے گروہ کے ’پراسرار‘ سربراہشامی باغیوں کی ’ناقابل یقین‘ پیش قدمی جس نے بشار الاسد سمیت روس کو بھی مشکل میں ڈال دیانو کلومیٹر طویل ’نئی عسکری سرحد کی تعمیر‘: سیٹلائٹ تصاویر غزہ کی پٹی کے شمال میں نئی یہودی بستیوں کے قیام کا عندیہ ہیں؟شامی باغیوں کی ’ناقابل یقین‘ پیش قدمی جس نے بشار الاسد سمیت روس کو بھی مشکل میں ڈال دیاحلب میں جنگ: کیا ایران کے لیے غزہ اور لبنان کے علاوہ شام میں بھی حالات مشکل ہو گئے ہیں؟دمشق میں ’اسرائیلی فضائی حملے‘ میں ہلاک ہونے والے ایرانی جنرل زاہدی کون تھے اور پاسداران انقلاب کی قدس فورس کیا ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More