بھارت نے پاکستان کا فیوژن فارمولا مان لیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

ہم نیوز  |  Dec 05, 2024

بھارت نے پاکستان کا فیوژن فارمولا مان لیا، اگلے سال چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فیصلہ آئی سی سی کے غیررسمی اجلاس میں ہوا، چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے گروپ میچز سمیت سیمی فائنل اور فائنل دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت کے سیمی فائنل یا فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے کی صورت میں میچز لاہور میں ہوں گے۔

پاکستان بھی 2027 تک بھارت میں شیڈول ایونٹ کھیلنے نہیں جائےگا اور تمام ایونٹس نیوٹرل وینیو پر کھیلےگا۔

 پی سی بی کی جانب سے بھارت، پاکستان اور تیسرے ملک پر مشتمل سہ فریقی سیریز کروانے کی بھی تجویزدی گئی۔

چیمپیئنز ٹرافی، پی سی بی کا نیا فارمولا منظور ہونے کے قریب ہے، بھارتی میڈیا

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہی چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے دیرپا حل کیلئے پارٹنرشپ فارمولا پیش کیا تھا جس کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ نہیں کھیلیں گے ۔

فارمولے میں کہا گیا تھا کہ بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے 3 سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔

تاہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی کی جانب سے کوئی باضابطہ جواب سامنے نہیں آیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھارتی میڈیا کے چیمپئنز ٹرافی کے معاملات حل ہوجانے کے دعوے پر ابھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More