اسرائیل غزہ میں بمباری کے آغاز سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے: ایمنسٹی انٹرنیشنل

سچ ٹی وی  |  Dec 05, 2024

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ گزشتہ سال غزہ میں بمباری کے آغاز سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ ایگنس کیلامارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ اسرائیل نے ماہ بہ ماہ غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ ایک غیر انسانی گروہ کے طور پر برتاؤ کیا ہے جو انسانی حقوق اور وقار کے منافی ہے اور انہیں عملی طور پر تباہ کرنے کے اس کے ارادے کو ظاہر کرتا ہے’۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم نے اپنی رپورٹ کو عالمی برداری کے لیے ’خطرے کی گھنٹی‘ قرار دیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اس نے یہ نتیجہ اسرائیلی حکومت اور فوجی حکام کے غیر انسانی اور نسل کشی پر مبنی بیانات، تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر، فیلڈ ورک اور غزہ کے باشندوں کی زمینی رپورٹس کی بنیاد پر اخذ کیے ہیں ۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ ایگنس کیلامارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ اسرائیل نے ماہ بہ ماہ غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ ایک غیر انسانی گروہ کے طور پر برتاؤ کیا ہے جو انسانی حقوق اور وقار کے منافی ہے اور انہیں عملی طور پر تباہ کرنے کے اس کے ارادے کو ظاہر کرتا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے افسوسناک نتائج کو بین الاقوامی برادری کے لیے خطرے کی گھنٹی تصور کیے جانے چاہئیں، یہ نسل کشی ہے، جو اب بند ہونی چاہیے‘۔

کالامارڈ نے دی ہیگ میں ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ’اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل کے فوجی مقاصد ہیں لیکن فوجی مقاصد کی موجودگی نسل کشی کے ارادے کے امکان کی نفی نہیں کرتی’۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے اخذ کردہ نتائج نسل کشی کی روک تھام سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن میں طے کردہ معیار پر مبنی ہیں۔ دریں اثنا غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کے جنوب میں خان یونس کے قریب پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 5 بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہوگئے۔

ترجمان محمود باسل نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’خان یونس کے قریب المواسی کے علاقے میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے بے گھر افراد کے خیموں پر بمباری کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 20 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے‘۔

اسرائیلی فوج نے حملے سے متعلق سوال پر دعویٰ کیا ہے کہ ’خان یونس کے انسانی ہمدردی کے شعبے میں حماس کے سینئر دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا ہے‘۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے بعد ’ثانوی دھماکے‘ ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں ہتھیار رکھے گئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More