جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے ملاقات کی اور ان کے مدارس رجسٹریشن بل پر تحفظات دور کردیئے۔
دونوں رہنماوں کی ملاقات سربراہ جے یو آئی کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان نے مدارس رجسٹریشن بل پر صدرآصف زرداری کی جانب سے دستخط نہ کرنے پر تحفظات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات اچھی رہی۔
اس موقع پر جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن پر بلاول بھٹو پہلے بھی ہمارے ساتھ تھے اب بھی ہیں۔
مدارس بل پر دستخط کیلئے مولانا فضل الرحمان کی حکومت کو ڈیڈ لائن
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بل دونوں ایوانوں سے پاس ہو چکا، صرف صدر کے دستخط میں تاخیر تھی، پیپلزپارٹی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دستخط ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا حکومت نے 7 دسمبر تک مدارس بل پر دستخط نہ کیے تو 8 دسمبر کو پشاور میں آئندہ کا لائحہ عمل دینگے۔
انہوں نے کہا کہ 8 دسمبر کو اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، حکومت پارلیمنٹ سے منظور کردہ ہمارے بل پر دستخط نہیں کر رہی، حکومت نے اپنی مرضی کی قانون سازی کر لی، حکومت بتائے اس نے ابھی تک مدارس بل کے پاس کردہ قانون پر دستخط کیوں نہیں کئے۔
مو لانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے مدارس بل پر دستخط نہ کئے تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔