وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کچھ روز قبل دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید بھی 24 نومبر کے احتجاج میں شریک تھے، اور اس وقت خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی ہاؤس میں روپوش ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ’مسلح جھتے‘ کی مظاہرین میں موجودگی کے دعوے سے ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔وفاقی حکومت کے مطابق ’مراد سعید وزیراعلٰی ہاؤس میں روپوش ہیں اور وہیں لاشیں گرانے کا منصوبہ بنایا گیا، احتجاج میں 1500 مسلح افراد مراد سعید کے ماتحت سرگرم تھے۔ مراد سعید خود بھی احتجاج میں موجود تھے۔‘
مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے ترجمان اختیار ولی نے بتایا کہ ’مراد سعید سمیت تمام روپوش اور اشتہاری رہنما پشاور میں موجود ہیں، جن کے لیے ایم پی اے ہاسٹل اور سی ایم ہاؤس ایک محفوظ ٹھکانہ ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی اس صوبے میں حکومت ہے ان پر کون ہاتھ اٹھا سکتا ہے؟دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’مراد سعید کی موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا بیان مکمل جھوٹ پر مبنی ہے۔ مراد سعید خیبر پختونخوا میں کہیں بھی نہیں ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’عطا تارڑ ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے 100 جھوٹ بول رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کے دعوے کو اگر سچ مان لیا جائے تو یہ ان کی بڑی نااہلی ہے کہ مراد سعید اسلام آباد آ کر پھر واپس پشاور پہنچ گئے۔‘صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر مینہ خان آفریدی کے مطابق مراد سعید اگر احتجاج میں شامل ہوتے تو ’وفاقی وزرا دیکھتے ہی بھاگ جاتے۔‘’مراد سعید کے اوپر الزامات لگائے جا رہے ہیں حالانکہ وہ احتجاج میں شامل ہی نہیں تھے۔‘صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے اس معاملے پر کہا کہ ’وفاقی حکومت نے نہتے ورکرز پر گولیاں چلائی اور اب حکومت اس معاملے کو دبانے کے لیے مراد سعید کا نام لے رہی ہے۔‘صوبائی وزیر مینہ خان آفریدی کے مطابق مراد سعید اگر احتجاج میں شامل ہوتے تو ’وفاقی وزرا دیکھتے ہی بھاگ جاتے۔‘ (فائل فوٹو: ایکس)’دونوں جانب فیک نیوز کی بھرمار ہے‘اس حوالے سے سینیئر صحافی محمد فہیم نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’احتجاج اور پشاور میں مراد سعید کی موجودگی میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ جو شخص تمام اداروں کو مطلوب ہو اور جو شخص ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ نہیں آسکتا ہو وہ کیسے مظاہرے میں شرکت کر سکتا ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’مراد سعید اگر اسلام آباد احتجاج میں شامل تھے تو کیسے ان کی ایک جھلک بھی کیمروں میں ریکارڈ نہیں ہوئی؟محمد فہیم کا کہنا تھا کہ ’وفاقی حکومت بھی الزامات کی سیاست کر رہی ہے اور صوبائی حکومت بھی پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے۔ دونوں طرف سے فیک نیوز پھیلائی جا رہی ہیں۔‘کیا مراد سعید وزیراعلٰی ہاؤس میں روپوش ہیں؟وزیراعلٰی ہاؤس کے ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’مراد سعید وزیراعلٰی ہاؤس میں موجود نہیں اور نہ ان کو یہاں داخل ہوتے ہوئے کسی نے دیکھا ہے۔ جو بھی مہمان یہاں آتا ہے اس کے بارے میں گیٹ پر مکمل معلومات موجود ہوتی ہیں۔‘’وزیراعلٰی ہاؤس کی انیکسی میں صرف بشریٰ بی بی موجود ہے اور ان کے علاوہ کوئی رہنما بھی رہائش پذیر نہیں ہے۔‘مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے ترجمان اختیار ولی کے مطابق ’مراد سعید سمیت تمام روپوش رہنما پشاور میں موجود ہیں۔‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)’مراد سعید ملک سے باہر ہیں‘پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ مراد سعید بیرون ملک قیام پذیر ہے تاہم وہ پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’مراد سعید اگر پشاور میں ہوتے تو کھل کر سامنے آ جاتے کیونکہ انہیں خیبر پختونخوا میں گرفتاری کا کوئی خوف نہ ہوتا۔‘ مراد سعید کی جان خطرے میں ہے اسی لیے پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں فی الحال منظر عام پر نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘