قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمرگل کا 15 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
منگل کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،لیکن پاکستانی بولرز کے سامنے ان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے2.4 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس کے ساتھ ہی سفیان مقیم نے پاکستانی بولر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے بہترین میچ فیگرز کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل یہ اعزاز سابق فاسٹ بولر عمر گل کے پاس تھا جنہوں نے 2009 میں نیوزی لینڈ اور 2013 میں جنوبی افریقا کے خلاف 6 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
واضح رہے کہ نوجوان اسپنر سفیان نے اب تک صرف 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔