کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی صرف دعوے نہیں کرتی عملی طور پر کام کر کے دکھاتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی انتظامیہ زندگی کے 8 شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ اور صحت کے شعبے میں الخدمت سب سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں نوجوان موجود ہیں۔ جبکہ ملک بھر میں 2 کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ بنیادی تعلیم اور صحت دینا ریاست کا کام ہے۔ جبکہ ملک میں یکساں نظام تعلیم اور ایک زبان ہونی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا اردو زبان میں فیصلے ہوں گے۔ اور خود سپریم کورٹ فیصلے انگریزی میں کر کے خلاف ورزی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف وہاں کے لوگ بولنا شروع ہو گئے ہیں۔ اور اسلام کا نظام سب کو سیراب کرتا ہے۔ پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے۔ جبکہ ہم آئی ٹی میں ترقی کر سکتے ہیں۔ لیکن حکومت انٹرنیٹ ہی بند کر دیتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشری بی بی کی ناکام بغاوت کے تمام ثبوت سامنے آگئے، عظمیٰ بخاری
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کے اچھے فگر دکھانا سٹے بازی ہے۔ جو اچانک دھڑام سے نیچے گر جاتی ہے۔ ملک میں بجلی اور گیس موجود نہیں۔ انڈسٹری نہیں چل رہی۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ نہ پھیلائیں اور جھوٹی خبریں نہ دیں۔ ضابطہ اخلاق ضرور بنائیں مگر کسی کا گلہ نہ گھونٹیں۔