پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی سیاست سے دور کیوں؟ 

اردو نیوز  |  Nov 29, 2024

پاکستان تحریک انصاف اسلام اباد دھرنے میں ناکامی کے بعد اندرونی چپکلش کا شکار دکھائی دیتی ہے۔ مختلف رہنما ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں کہ انہوں نے ٹھیک طریقے سے دھرنے کی کال پر اپنا رول ادا نہیں کیا۔ 

صوبہ خیبر پختونخوا کی قیادت خاص طور پر پنجاب کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ شوکت یوسف زئی نے ایک ویڈیو پیغام میں باقاعدہ نام لے کر یہ کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے دھرنے میں نہ پہنچ کر نقصان پہنچایا ہے۔

 ایسے میں خود بشریٰ بی بی کا بھی ایک بیان آ چکا ہے جس میں انہوں نے کچھ اس طرح کے الزامات ہی عائد کیے ہیں تاہم اس ساری صورتحال میں پی ٹی آئی کی لیڈر شپ (تین بڑوں) میں سے صرف پارٹی کے صدر چودری پرویز الٰہی جیل سے باہر ہیں۔

 لیکن جب سے پرویز الٰہی رہا ہوئے ہیں وہ مکمل طور پر خاموش ہیں۔ 24 نومبر کو جب ملک بھر سے قافلوں کو ڈی چوک پہنچنے کی کال دی گئی تو چودری پرویز الٰہی خود تو نظر نہیں آئے البتہ اتوار کی شام کو ایک پریس ریلیز کے ذریعے یہ بتایا گیا کہ گجرات سے ان کی اہلیہ قیصرا الٰہی کی قیادت میں ایک قافلہ اسلام آباد کو نکلا ہے اور احتجاج کیا ہے۔

اس پریس ریلیز میں یہ بتایا گیا کہ عمران خان کی کال پر گجرات کے عوام بھی باہر نکلے اور احتجاج کیا۔

اور یہ کہ عمران کی  احتجاج کی کال پر چوہری پرویز الہی اور چوہدری مونس الٰہی کی ہدایت پر گجرات سے لوگ احتجاج میں شریک ہوئے۔ 

گجرات سے نکلنے والا یہ احتجاج نہ تو ڈی چوک پہنچا اور نہ اس کی کوئی تصاویر یا ویڈیوز جاری کی گئیں۔ دوسری طرف چودری پرویز الٰہی پر بنائے گئے مقدمات میں ان کی جیل سے رہائی کے بعد بیشتر میں وہ پیش نہیں ہوئے بلکہ ان کے وکلا عدالت سے حاضری معافی کی درخواست منظور کروا لیتے ہیں۔

 گزشتہ ہفتے بھی تین مختلف مقدمات میں وہ پیش نہیں ہوئے اور ان کے وکلاء نے ان کی حاضری معافی کی درخواست عدالت میں دی جو فوری قبول کر لی گئی۔

پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کے فائنل کال میں شرکت نہیں کی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

ان کے وکیل عامر سعید راں سے جب اس بارے میں پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ ’چودری پرویز الٰہی اب عمر کے اس حصے میں ہیں کہ ان کو آرام کی ضرورت ہے۔ جیل میں ان کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا اس کے بعد وہ اپنے گھر پر زیادہ دیر آرام ہی کرتے ہیں اور ابھی تک وہ کسی طرح کے سیاسی رول کے لیے تیار نہیں ہیں۔ جب ان کی صحت مکمل بحال ہو جائے گی تو یقیناً وہ اپنا سیاسی کردار ادا کریں گے۔‘

 تاہم سیاسی مبصرین یہ بھی سمجھتے ہیں کہ چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کا تعلق براہ راست ان کی زباں بندی سے بھی ہے لیکن خود چوہدری پرویز الٰہی یا چوہدری مونس الٰہی نے کبھی اس موضوع پر بات نہیں کی ہے نہ ہی اس تاثر کو زائل کرنے کی کبھی کوئی کوشش کی۔

 البتہ تحریک انصاف کی جانب سے جب بھی کوئی احتجاج یا تحریک کی کال دی جاتی ہے تو حصہ بقدر جسہ کے حساب سے گجرات میں کچھ نہ کچھ سرگرمیاں کی جاتی ہیں۔

پاکستان میں جمہوری معاملات پر نظر رکھنے والی تنظیم پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلا محبوب نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’چوہدری پرویز الٰہی بنیادی طور پر ایسے سیاست دان ہیں جنہوں نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بنا کر رکھی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ان کے اپنے انداز درست ثابت نہیں ہوئے اور ان کو کافی لمبے عرصے تک جیل میں رہنا پڑا، بالآخر انہوں نے اپنے لیے راہ نکالی اور باہر آ گئے۔‘

’یقیناً جب تک یہ موجودہ سیٹ اپ ایسے ہی چلتا ہے تو چودری پرویز الٗہی دیکھو اور برداشت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہی رہیں گے اور صرف وہ ہی نہیں بلکہ تحریک انصاف کی زیادہ تر قیادت شاید جارحیت کی سیاست سے تھوڑا پیچھے ہٹنا چاہ رہی ہے۔ اس کی واضح مثال ہمیں اسلام اباد دھرنے کی کال کے بعد دکھائی دی ہے۔ زیادہ تر سیاسی رہنما اس توانائی کے ساتھ جارح مزاج احتجاج کے حق میں نہیں ہیں۔‘

وکیل کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کو فی الحال آرام کی ضرورت ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

سیاسی تجزیہ کار وجاہت مسعود کہتے ہیں کہ چوہدری پرویز الٰہی تحریک انصاف کے صدر ہیں اور ان کی ساری زندگی کی سیاست موجودہ طرز سیاست سے مختلف رہی ہے اور بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ وہ اس انتظار میں ہیں کہ حالات کوئی کروٹ بدلیں تو پھر وہ ایک مؤثر طریقے سے دوبارہ اپنی سیاست کا آغاز کریں۔

’وہ جو سمجھ کر تحریک انصاف میں گئے تھے جب 2022 میں تحریک عدم اعتماد آ رہی تھی اور وہ پی ڈی ایم اور تحریک انصاف دونوں سے رابطے میں تھے تو اس کے بعد انہوں نے ایک فیصلہ لیا جس فیصلے کے اثرات آج تک ان کا پیچھا کر رہے ہیں۔ بظاہر یہی لگتا ہے کہ جس طرح سے اس وقت سیاست ہو رہی ہے جس میں بہت زیادہ معاملات حدت اختیار کر چکے ہیں تو ایسی سیاست خود چوہدری پرویز الٰہی کے مزاج کے مطابق نہیں ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More