لائیو: حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات نہیں ہو رہے، ترجمان دفتر خارجہ

اردو نیوز  |  Nov 29, 2024

اہم نکات:

انڈین ٹیم کا پاکستان میں نہ کھیلنے کا معاملہ، آئی سی سی کا بورڈ اجلاس آج

وزیراعظم شہباز شریف کا فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ

سموگ پر قابو پانے کے لیے لاہور میں تین دن ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد

 

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور تحریک طالبان کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔  

ریڈیو پاکستان کے مطابق جمعے کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے متعدد مواقع پر کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی تجاویز، دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ہزاروں افراد کے خاندانوں کی توہین ہیں۔

حالیہ مہینوں میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے افغان طالبان پر بارہا زور دیا ہے کہ ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کریں۔

چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی یا نہیں، آئی سی سی بورڈ کا اجلاس آج

 

پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ آج ہو گی۔

پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرنے والا ہے۔

تاہم، انڈین حکام کی جانب سے ان کی ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کے بعد چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کا عمر ایوب کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم

 

پشاور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور کو حفاظتی ضمانت دے دی اور 19 دسمبر تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

جمعے کو ہائیکورٹ میں عمر ایوب اور فیصل امین گنڈاپور کی مقدمات کی تفصیل دینے اور حفاظتی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس خورشید اقبال نے کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے ’غیرمتزلزل‘ حمایت کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنے ملک کی ’غیرمتزلزل‘ حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

جمعے کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ’عالمی برادری فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کو فوری طور پر روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرے، غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔‘

فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منایا جاتا ہے، جس کی تقریبات نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر، جنیوا، ویانا اور نیروبی کے دفاتر میں منعقد ہوتی ہیں۔

لاہور میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو ہر قسم کی ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد

ادیب یوسفزئی، اردو نیوز لاہور

سموگ پر قابو پانے کے لیے حکومت پنجاب کی طرف سے لاہور میں تین روز کے لیے ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

جمعے کو سی ٹی او عمارہ طاہر نے ایک بیان میں کہا کہ ’آج، کل اور اتوار کو کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک، لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالی کو داخلہ کی اجازت نہیں ہو گی۔‘

پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر نفری تعینات کی گئی ہے۔

ہیوی ٹریفک، خستہ حال، انتہائی خطرناک حد تک کالا دھواں اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو اجازت نہیں ہے۔

عمارہ طاہر نے کہا ہے کہ پابندی سے مستثنیٰ پیٹرول، ادویات، خورونوش اور مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلہ کی اجازت ہے۔

پشاور میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کی کوشش

فیاض احمد، اردو نیوز پشاور

پشاور میں ٹریفک پولیس نے شہر کی مصروف شاہراہوں پر بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور ٹریفک جام کی وجوہات جاننے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

شہر میں پہلی بار ڈرون کیمروں کی مدد سے شاہراہوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے ٹریفک جام کی وجوہات اور رش والی شاہراہوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔

مزید تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More