پی ٹی آئی احتجاج: شرپسندوں کا اہلکاروں پر حملہ، پولیس کانسٹیبل شہید

ہم نیوز  |  Nov 25, 2024

پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے شرپسند کارکنوں نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے باعث  پنجاب پولیس کے کانسٹیبل مبشر سر پر چوٹ کے باعث شہید ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبل مبشر کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے شرپسند حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق شدت پسند شر پسند عناصر کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ملک بند ہونے سے ایک دن کا جی ڈی پی نقصان 300 ارب ہے، مفتاح اسماعیل

دوسری طرف وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مظاہرین کے تشدد سے راولپنڈی کے پولیس کانسٹیبل کی شہادت کی تصدیق کی اور اُسے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل مبشر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مبشر نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا رتبہ حاصل کیا، تشدد کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید پولیس کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، شہید کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہید پولیس اہلکار راولپنڈی پولیس میں تعینات اور مظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More