پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جارہا ہے جہاں میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا ہے۔
زمبابوے کی ٹیم 40.2 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فیصل اکرم اور سلمان علی آغا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ عبداللہ شفیق نے ایک بیٹر کو رن آؤٹ کیا۔اس کے علاوہ عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین لوٹایا۔
زمبابوے میں کھیلے جارہے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان کی جانب سے فیصل اکرم نے ڈیبیو کیا۔
کپتان محمد رضوان نے زمبابوے کے خلاف سیریز کو اہم قرار دیا تھا اور کہا تھا وہ اس سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمائیں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جانی ہے، دوسرا ایک روزہ میچ 26 اور تیسرا 28 نومبر کو کھیلا جائے گا جب کہ قومی ٹیم یکم، 3 اور 5 دسمبر کو تین 20 ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیلے گی، ان تمام میچز کا انعقاد بلاوایو میں ہوگا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 62 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، ان میں سے 54 میں پاکستان کامیاب رہا جب کہ زمبابوے کو صرف 5 میچز میں کامیابی مل سکی، ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ دو بے نتیجہ ختم ہوئے۔