لندن: برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ ہمیں آزادی اظہار اور سیاسی مخالفین پر پابندیوں کے حوالے سے تشویش ہے۔
برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حراست اور پاکستان کی سیاسی صورتحال پر ارکان پارلیمنٹ کے خط کا جواب دے دیا۔
خط کے جواب میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ ہم باقاعدگی سے ان اہم معاملات پر سینئر سطح پر بات چیت کرتے ہیں۔ پاکستان کے عدالتی معاملات داخلی معاملہ ہے لیکن عالمی قوانین کی پاسداری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی آزادیوں اور فئیر ٹرائل کے حق کا احترام کرے۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی اور تمام پاکستانی شہریوں کے لیے شفاف اور منصفانہ عدالتی عمل ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کم جونگ ان کا خودکش ڈرونز کی بڑے پیمانے پر تیاری کا حکم
ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ ہماری معلومات کے مطابق حکومت پاکستان کا فوجی عدالتوں میں بانی پی ٹی آئی کا مقدمہ چلانے کا ارادہ نہیں۔ تاہم ہمیں آزادی اظہار اور سیاسی مخالفین پر پابندیوں کے حوالے سے تشویش ہے۔ آزادی رائے اور بغیر خوف و جبر کے اجتماع کا حق جمہوریت کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کے متعلقہ وزیر نے پاکستان کے وزیر انسانی حقوق اعظم تارڑ کے ساتھ سول اور سیاسی حقوق کی اہمیت پر بات چیت کی ہے۔ پاکستان میں آئینی ترامیم کی منظوری پارلیمنٹ کا معاملہ ہے۔