پاکستان کی تاریخ کے پہلے آئینی بینچ نے اپنی اولین سماعت کا آغاز کرتے ہوئے مختلف کیسز سنے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق پہلا کیس سنا۔
عدالت نے وفاق سمیت تمام صوبوں سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ہونے والے اقدامات کی رپورٹ تین ہفتوں میں طلب کر لی ہے۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔
آئینی بینچ نے قاضی فائزعیسیٰ کے بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کیس کی سماعت کی۔
آئینی بنچ نے قاضی فائزعیسیٰ کی بطورچیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ تقرری کے خلاف دائر درخواست کو خارج کر دیا ہے۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بلوچستان ہائی کورٹ میں براہ راست بطور چیف جسٹس تقرری پر نظرثانی کی درخواست کی سماعت میں جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ یہ نظرثانی درخواست ہے کیس کو دوبارہ نہیں کھول سکتے جس پر درخواست گزار وکیل ریاض حنیف نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھٹوکیس بھی 40 سال بعد سنا تھا۔
انھوں نے کہا کہ میں عدالت کو حقائق بیان کرر ہاہوں، میرے پاس ریکارڈ نہیں لیکن بلوچستان سے ریکارڈ منگوایا جاسکتا ہے۔
جسٹس امین الدین نے کہا قانون بتائیں کہ وزیراعلٰی کے ساتھ مشاورت کیسے ضروری ہے؟
جسٹس مسرت حلالی نے ریماکس دیے کہ کیسز میں پرسنل نہ ہوا کریں، چھوڑ دیں قاضی صاحب کی جان جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ایسی درخواست پر بینچ کے سربراہ سے درخواست کروں گا کہ معاملہ پاکستان بار کونسل کو بھیجیں۔
بعد میں آئینی بینچ نے درخواستگزار وکیل ریاض حنیف کی نظرثانی درخواست خارج کر دی۔
انتخابات 2024 ری شیڈول کرنے کی درخواست خارج
آئینی بنچ نے عام انتخابات 2024 ری شیڈیول کرنے کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر خارج کر دی ہے۔
درخواست کی سماعت میں جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریماکس دیے کہ سماعت میں وکیل نہیں آئے ان پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ انتخابات ہو چکے ہیں اور اب یہ درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ موسم کی خرابی کے باعث انتخابات فروری کے بجائے مارچ میں کرانے کی استدعا کی گئی تھی۔
سموگ میں کمی کی توقع، پاکستان میں آج سے بارشوں کا امکان
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج جمعرات سے سنیچر تک تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے اور سنیچر کو پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
اسی طرح جمعرات اور جمعے کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، سوات، بٹگرام، ایبٹ آباد، مری، گلیات، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سپارکو کا چین کے ساتھ قمری مشن کی شراکت داری کا اعلان
پاکستان کے خلائی ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے 2028 کے چانگ ای 8 قمری مشن کے لیے چین کے ساتھ اہم شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تعاون چاند کی تلاش میں پاکستان کی پہلی شمولیت کی علامت بنے گا جس کا مقصد چاند پر انقلابی تحقیق کو آگے بڑھانا ہے۔
سپارکو ترجمان نے مزید کہا کہ 2028 میں چاند پر اترنے کے لیے تیار ہونے والا پاکستانی روور چین کے ساتھ مشترکہ مشن میں اہم کردار ادا کرے گا، چاند کی سطح کے تجزیے اور تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔
چارسدہ میں پولیس وین کے قریب خود کش دھماکہ
جمعرات کی صبح پولیس سٹیشن عمرزئی کے حدود اخون ڈھیری کے قریب پولیس وین کے قریب خودکش دھماکہ ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت پولیس وین محفوظ رہی اور رش نہ ہونے کے باعث دھماکے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
خودکش بمبار نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔