لائیو: ‏ملکی تاریخ کے پہلے آئینی بینچ کی پہلی سماعت، ’قاضی فائز عیسیٰ کی جان چھوڑ دیں‘

اردو نیوز  |  Nov 14, 2024

‏ملکی تاریخ کے پہلے آئینی بینچ نے اپنی اولین سماعت کا آغاز کیا ہے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بنچ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق پہلا کیس سنا۔ 

عدالت نے وفاق سمیت تمام صوبوں سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ہونے والے اقدامات کی رپورٹ تین ہفتوں میں طلب کر لی۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

آئینی بینچ نے قاضی فائزعیسیٰ کے بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کیس کی سماعت کی۔

کیس کی سماعت کرتے ہوئے آئینی بینچ نے قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر نظرثانی درخواست خارج کر دی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ یہ نظرثانی درخواست ہے، کیس کو دوبارہ نہیں کھول سکتے۔

سموگ میں کمی کی توقع، پاکستان میں آج سے بارشوں کا امکان

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج جمعرات سے سنیچر تک تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے اور سنیچر کو پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔

اسی طرح جمعرات اور جمعے کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، سوات، بٹگرام، ایبٹ آباد، مری، گلیات، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سپارکو کا چین کے ساتھ قمری مشن کی شراکت داری کا اعلان

پاکستان کے خلائی ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے 2028 کے چانگ ای 8 قمری مشن کے لیے چین کے ساتھ اہم شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کو سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تعاون چاند کی تلاش میں پاکستان کی پہلی شمولیت کی علامت بنے گا جس کا مقصد چاند پر انقلابی تحقیق کو آگے بڑھانا ہے۔

سپارکو ترجمان نے مزید کہا کہ 2028 میں چاند پر اترنے کے لیے تیار ہونے والا پاکستانی روور چین کے ساتھ مشترکہ مشن میں اہم کردار ادا کرے گا، چاند کی سطح کے تجزیے اور تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔

چارسدہ میں پولیس وین کے قریب خود کش دھماکہ

جمعرات کی صبح پولیس سٹیشن عمرزئی کے حدود اخون ڈھیری کے قریب پولیس وین کے قریب خودکش دھماکہ ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت پولیس وین محفوظ رہی اور رش نہ ہونے کے باعث دھماکے سے کوئی نقصان  نہیں ہوا۔

خودکش بمبار نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

 دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More