آج سے شادی ہال، بازار اور شاپنگ مالز کتنے بجے بند ہوں گے؟ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

ہماری ویب  |  Nov 12, 2024

لاہور میں بڑھتی ہوئی اسموگ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اسموگ پر قابو پانے کی کوششوں میں انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی متحرک ہے اور خلاف ورزی پر پنجاب انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، 11 نومبر سے ہر قسم کی بیرونی سرگرمیاں بند رہیں گی، جن میں کھیلوں کے مقابلے، نمائشیں، تقریبات اور ریسٹورنٹس کی ڈائننگ شامل ہیں۔ مارکیٹس، دکانیں، اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے، جبکہ میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز میں صرف گروسری اور میڈیکل سیکشنز کھلے رہیں گے۔

احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور یہ پابندیاں 11 نومبر سے 17 نومبر تک نافذ العمل رہیں گی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اسموگ کے دوران محتاط رہیں، غیر ضروری باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ فضائی آلودگی کے اس سنگین مسئلے سے نمٹنے کیلئے اجتماعی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More