چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دینے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، تاریخی جیت پر تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ تعریف کے مستحق ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ میں آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کیا، آج کی فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں، 8 وکٹوں سے کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی بالر نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے عمدہ بولنگ کرکے آسٹریلیا کو کم سکور پر آؤٹ کیا، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ایک بار پھر ذمہ داری سے بلے بازی کرکے فتح دلائی جبکہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھی بہترین بیٹنگ کی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ میرا یقین ہے کہ جذبے، محنت اور عزم سے کیے ہر کام میں کامیابی ملتی ہے۔