ڈاکٹر بیٹا حقیقی مسیحا بن گیا، جگر کا ٹکڑا عطیہ کرکے باپ کی جان بچالی

اردو نیوز  |  Nov 04, 2024

پشاور ینگ ڈاکٹرز کے صدر اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر مجاہد خان نے اپنے بیمار والد کے لیے جگر کا ٹکڑا عطیہ کرکے نئی زندگی دی۔

دوسروں کی زندگی بچانے والے ڈاکٹر کو مسیحا کہا جاتا ہے مگر پشاور کا ایک بیٹا اپنے والد کے لیے حقیقی مسیحا ثابت ہوا۔

پشاور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ٹرینی آفیسر ڈاکٹر مجاہد نے بیمار والد کو جگر کا ٹکڑا عطیہ کیا جو اس وقت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹوٹ لاہور میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹر مجاہد کے والد کا ٹرانسپلانٹ 30 اکتوبر کو ہوا۔

ڈاکٹر مجاہد کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے، تاہم ان کی صحت خطرے سے باہر ہے جبکہ ان کے والد عبدالستار بھی صحت مند ہیں۔ ڈاکٹر مجاہد کے بھائی بہار علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹر چھوٹا بھائی ہے لیکن اس نے والد کو نئی زندگی دے کر بڑا کام کر دکھایا۔  

بھائی کے مطابق والد کو ہیپٹائیٹس کی وجہ سے صحت کی خرابی کی شکایت رہتی تھی۔ گذشتہ مہینے جب مکمل ٹیسٹ کروائے گئے تو انہیں ٹرانسپلانٹ کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ والد کے جگر کے ٹرانسپلانٹ کا سنتے ہی چھوٹے بھائی ڈاکٹر مجاہد نے عطیہ کرنے کا ارادہ کرلیا تھا۔ 

 پورے خاندان کے احساسات اور جذبات نا قابل بیان ہیں۔ ڈاکٹر نے تمام نوجوانوں کے لیے مثال قائم کردی ہے۔ بہار علی  نے کہا کہ پورے خاندان میں خوشی کا سماں ہے، دونوں کی صحتیابی پر  سب بہت خوش ہیں۔

ڈاکٹر مجاہد کی کامیاب سرجری کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے ڈاکٹر مجاہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ڈاکٹر مجاہد خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک خدمت گزار ڈاکٹر ہیں جنھوں نے ہمیشہ مریضوں کی خدمت کی۔ وائی ڈی اے نے ڈاکٹر مجاہد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More