’دو کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا‘، عمران خان کے وکیل کا ویڈیو بیان

اردو نیوز  |  Nov 03, 2024

تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا کا بازیابی کے بعد ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ  انہیں دو کروڑ روپے تاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا تھا۔

پنجاب پولیس نے گذشتہ روز سنیچر کو تحریک انصاف کے بانی کے ’لاپتہ‘ وکیل انتظار پنجوتھا کو حسن ابدال کے قریب سے بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

مقامی میڈیا نے ترجمان پولیس کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’اٹک پولیس نے حسن ابدال میں ناکہ بندی پر مشکوک گاڑی کو روکا تو گاڑی میں سوار مبینہ اغوا کاروں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔‘

ترجمان نے بتایا’ گاڑی میں اغوا کار ایک شخص کو اغوا کر کے لے جا رہے تھے، پولیس کی جوابی فائرنگ پر وہ مغوی اور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔‘

انتظار پنجوتھا نے اپنے اغوا سے متعلق ابتدائی بیان میں  بتایا ہے کہ انہیں 8 اکتوبر کو اسلام آباد سے ’اُٹھایا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔‘

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ ’اغواکار تین چار گھنٹے سے سفر کرارہے تھے، کہاں سے یہاں تک لائے علم نہیں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا 8 اکتوبر سے لاپتہ تھے، ان کی بازیابی کیلئے کیس بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More