لیجنڈری کرکٹرز کے بَلّوں کے ساتھ میرا بیٹ رکھا جانا باعث اعزاز ہے: بابر اعظم

اردو نیوز  |  Nov 01, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر بابر اعظم کا بیٹ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ ( ایم سی جی) کے لانگ روم میں رکھا جائے گا۔

معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر بابر اعظم نے اس پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے بیٹ کے ہمراہ تصویر پوسٹ کی اور کیپشن میں لکھا ’لیجنڈری کرکٹرز کے بَلّوں کے ساتھ میرے بیٹ کا رکھا جانا باعث اعزاز ہے۔‘

کرکٹ کے متعلق رپورٹ کرنے والی ویب سائٹ ’کرکٹ پاکستان‘ کے مطابق ایم سی جی کی انتظامیہ کی جانب سے بابر اعظم کو گزارش کی گئی تھی کہ وہ اپنا بیٹ لانگ روم کے لیے بیٹ عطیہ کر دیں۔

اس کے بعد بابر اعظم نے ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں استعمال ہونے والا بیٹ سٹیڈیم کو عطیہ کردیا ہے۔

ایم سی جی لانگ روم می دنیا بھر کے لیجنڈری کرکٹرز کے بیٹ اور دوسری اشیاء رکھی گئی ہیں۔

لانگ روم میں ڈان بریڈ مین، ڈیوڈ بون، جیک ہوبز اور برائن لارا کے بیٹ بھی نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

سابق کپتان بابراعظم کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ ’میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میرا بیٹ دنیائے کرکٹ کے عظیم کرکٹرز کے بلّوں کے ساتھ یہاں ایم سی جی کے لانگ روم میں رکھا گیا ہے۔‘

اس تاریخی موقعے پر بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’ایم سی جی سے میری کافی یادیں وابستہ ہیں، یہ بہترین گراؤنڈز میں سے ایک ہے۔‘

    View this post on Instagram           A post shared by Babar Azam (@babarazam)

یاد رہے کہ بابر اعظم نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایم سی جی میں ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کا فائنل انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

کچھ عرصہ قبل بابر اعظم نے حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی خراب کارگردگی کے بعد پاکستان وائٹ بال ٹیم کی کپتانی سے استعفی دے دیا تھا جسے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قبول کر لیا گیا تھا۔

پاکستان وائٹ بال کے نئے کپتان محمد رضوان ہیں اور پاکستان ٹیم اس وقت آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کی سیریز کے سلسلے میں آسٹریلیا میں موجود ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ پیر کو ایم سی جی میں ہی کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More