راولپنڈی: اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت دیگر قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والوں کی مانیٹرنگ کے لیے نیا وائی فائی انٹیگریٹڈ سسٹم نصب کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں نئے وائی فائی انٹیگریٹڈ سسٹم کے ساتھ بائیو میٹرک ویری فکیشن ڈیوائس بھی نصب کی گئی ہے۔ نئے سسٹم کی تنصیب کے بعد قومی شناختی کارڈ کے بغیر جیل میں داخلہ بند کر دیا گیا۔
نیا سسٹم 3 مرکزی دروازوں سمیت جیل ڈیوڑھی میں نصب کیا گیا ہے۔ نئے سسٹم میں بار کوڈ اسکیننگ، وائی فائی ڈیوائسسز اور جدید ٹیب شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی محتسب کے افسران کی میر پور آزاد کشمیر میں کھلی کچہری
رپورٹ میں کہا گیا کہ نیا نظام نادرا اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے سسٹم سے منسلک ہے۔ جبکہ نئے سسٹم سے جیل میں آنے والوں کے قومی شناختی کارڈ کی اسکیننگ پر تمام تفصیلات ظاہر ہو جائیں گی۔
نئے نظام کے تحت آئی ڈی کارڈ اسکیننگ مکمل نہ ہونے پر کسی کو جیل میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جبکہ سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو بھی اسی سیکیورٹی نظام سے گزارا جائے گا۔