پی آئی اے کی ’پرواز‘ کراچی سے حیدر آباد وہ بھی براستہ موٹروے

بی بی سی اردو  |  Oct 31, 2024

آپ نے آسمان پر جہاز اُڑتے تو دیکھے ہوں گے لیکن کیا آپ نے کبھی کسی سڑک یا موٹروے پر ہوائی جہاز کو جاتے دیکھا ہے؟

یہ مناظر پاکستان کے شہر کراچی میں دیکھے گئے جہاں سے ایک مسافر جہاز کو بذریعہ سڑک حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے۔ مگر فی الحال اسے سکیورٹی کلیئرنس سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔

موٹروے حکام نے نامہ نگار ریاض سہیل کو بتایا کہ جس بھی وہیکل کا لوڈ دو لین پر آتا ہے اس کے لیے این او سی یعنی اجازت نامہ درکار ہوتا ہے، جو اسلام آباد ہیڈکوارٹر سے ملتا ہے۔ حکام کے مطابق کارگو کمپنی نے تاخیر سے این او سی حاصل کی جس کے بعد جہاز کو روانہ کیا گیا۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ رات کو اس قسم کی ٹریفک چلنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ ’جیسے ہی سورج غروب ہوگا تو اسے روک دیا جائے گا اور پھر صبح کی روشنی میں یہ دوبارہ سفر کر سکے گا۔‘

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ 737 بوئنگ طیارہ ہے جو1991 میں پی آئی اے میں شامل ہوا تھا اور تقریباً 23 سال بعد سنہ 2014 میں اس کو ریٹائر کیا گیا۔

یہ مسافر طیارہ ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ پاکستان میں بذریعہ سڑک جہاز کی منتقلی پہلی بار ہو رہی ہے۔

بی بی سی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اس جہاز کو منتقل کرنے والی کمپنی ’نیو بابر کارگو موورز‘ سے بات کر یہ یہ سمجھنے کی کوشش کی ہے کہ اس جہاز کو بذریعہ سڑک حیدرآباد کیوں منقتل کیا جا رہا ہے؟ وہاں اس جہاز کو کن مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا اور اس پورے عمل میں کیا حفاظتی اقدامات اختیار کیے گئے ہیں؟

’پی آئی اے پائلٹ پشاور کی فلائٹ غلطی سے کراچی لے گیا‘: سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا؟پی آئی اے ایئرہوسٹس ’ایک لاکھ 40 ہزار سعودی ریال‘ سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار: ’جرابوں اور زیر جامہ میں پیسے چھپا رکھے تھے‘پی کے 8303 کی تباہی: ’کپتان چیخا مے ڈے، مے ڈے، طیارہ مڑا مگر پائلٹس کو اندازہ ہو چکا تھا کہ رن وے تک پہنچنا ممکن نہیں‘ترک ایئرلائن کے پائلٹ کی دورانِ پرواز موت: اگر مسافر طیارے کا پائلٹ وفات پا جائے تو کیا ہوتا ہے؟جہاز کی براستہ سڑک منتقلی کے لیے حفاظتی اقدامات

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کو بتایا کہ یہ جہاز اپنی زندگی پوری کر چکا تھا، اس کو اڑا کر وہاں نہیں پہنچایا جا سکتا تھا، جس کے بعد اسے بذریعہ سڑک حیدرآباد پہنچایا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے حفاظتی اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ’نیو بابر کارگو موورز‘ کے مالک ملک بابر نے کہا کہ جہاز کی بذریعہ سڑک منتقلی میں سب سے پہلے اس کے ڈھانچے کو تبدیل کیا جاتا ہے کیونکہ اس کے سائز کی وجہ سے اس کو موجودہ حالت میں ٹرانسپورٹ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

انھوں نے بتایا کہ ’جہاز غیر معمولی طور پر بڑا ہوتا ہے۔ ہم نے اس جہاز کے دونوں پر اور انجن سمیت کچھ دیگر پرزے ہٹا دیے ہیں۔ اس جہاز کے کیپسول کو ایک ٹرالر پر لوڈ کیا ہے جبکہ جو پرزے اور حصے جہاز سے ہٹائے گئے ہیں انھیں دوسرے ٹرالر پر لوڈ کیا ہے۔‘

ملک بابر نے اپنی کمپنی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیگر سامان تو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے رہتے ہیں لیکن ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ وہ جہاز منتقل کر رہے ہیں۔

ملک بابر کا دعویٰ ہے کہ پاکستان میں بذریعہ سڑک جہاز کی منتقلی پہلی بار ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ ستمبر 2024 کے دوران سعودی عرب میں تین ناکارہ بوئنگ 777 طیاروں کو جدہ سے ریاض ایک ہزار کلو میٹر دور بذریعہ سڑک منتقل کیا گیا تھا۔ سعودی میڈیا العربیہ کے مطابق یہ نقل و حمل سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تصور کیا گیا تھا۔

تو یہ جہاز حیدرآباد کب پہنچے گا؟

ملک بابر نے بتایا کہ ابھی یہ جہاز کراچی میں ہی کھڑا ہے اور اس کی سکیورٹی کلیئرنس جلد ہی متوقع ہے جس کے بعد ہی جہاز کی منتقلی ممکن ہو سکے گی۔

انھوں نے بتایا کہ سکیورٹی کلیئرنس کے بعد سات سے آٹھ گھنٹے میں یہ جہاز بذریعہ سڑک کراچی سے حیدرآباد پہنچ جائے گا۔

یہ عمل بحفاظت مکمل ہونے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ملک بابر نے بتایا کہ بذریعہ سڑک جہاز کی منقتلی کے دوران سول ایوی ایشن کی سکیورٹی جبکہ پولیس بھی سکواڈ کا حصہ ہو گی۔

حیدرآباد میں اس جہاز کو کن مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا؟

پاکستان کی قومی ایئر لائنز کا یہ ریٹائرڈ بوئنگ طیارہ حیدرآباد میں تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

نیو بابر کارگو موورز کے مالک ملک بابر نے بتایا کہ ایک ڈیڑھ برس سے اس بارے میں تحقیق ہو رہی تھی کہ اس جہاز کو کام میں لایا جائے۔

انھوں نے بتایا کہ ’حیدرآباد میں سول ایوی ایشن کا ایک تربیتی مرکز ہے تو اس جہاز کو اب تربیتی مقاصد کے لیے وہاں منتقل کیا جا رہا ہے۔‘

جہاز کی صفائی

نیو بابر کارگو موورز کے مالک ملک بابر نے بی بی سی کے ساتھ اس جہاز کی ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں اسے کراچی ایئرپورٹ پر دیگر ناکارہ جہازوں کے ساتھ کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

ان ویڈیوز میں یہ بی دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کی پانی کے ساتھ دھلائی صفائی کا کام ہو رہا ہے۔

جن ٹرالرز پر اس جہاز کو منتقل کیا جا رہا ہے اس حوالے سے ملک بابر نے بتایا کہ یہ جرمن کمپنی گولڈ ہوفر (Gold haufer) کے ہیں اور سعودی عرب میں بھی اس کمپنی کے ٹرالر استعمال کیے جاتے ہیں۔

ترک ایئرلائن کے پائلٹ کی دورانِ پرواز موت: اگر مسافر طیارے کا پائلٹ وفات پا جائے تو کیا ہوتا ہے؟کراچی میں غیرملکی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ: دوران پرواز مسافر کی موت ہونے پر پائلٹ کیا کرتا ہے؟پی آئی اے ایئرہوسٹس ’ایک لاکھ 40 ہزار سعودی ریال‘ سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار: ’جرابوں اور زیر جامہ میں پیسے چھپا رکھے تھے‘’سب کچھ رازداری سے ہوتا ہے، کسی کو بھنک بھی نہیں پڑتی‘: پی آئی اے کا عملہ کینیڈا پہنچ کر ہی کیوں ’غائب‘ ہو رہا ہے؟’پی آئی اے پائلٹ پشاور کی فلائٹ غلطی سے کراچی لے گیا‘: سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا؟امریکی ایف 35 کے پائلٹ کی 911 کو کال: ’ایک لڑاکا طیارہ کریش ہو گیا ہے۔۔۔ میں اُس کا پائلٹ ہوں‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More