ملک بھر میں مہنگائی ساڑھے 3 سال کی کم ترین سطح پر آگئی

ہم نیوز  |  Oct 30, 2024

اسلام آباد: وزارت خزانہ کی ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مہنگائی ساڑھے 3 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔

وزارت خزانہ نے پاکستانی معیشت کے زیادہ تر اشاریوں میں بہتری کا دعوی کردیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ ترسیلات زر، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملکی معیشت نے پہلی سہہ ماہی میں مستحکم بحالی کا مظاہرہ کیا۔ ستمبر میں مہنگائی 44 ماہ کی کم ترین سطح 6.9 فیصد پر آگئی۔ جبکہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے 1.03 ارب ڈالر کی قسط ملنے سے معیشت کو تقویت ملی۔ ایس سی او کانفرنس سے کاروبار و مارکیٹ کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ مہینوں میں معیشت پائیدار بحالی کے سفر پر گامزن رہے گی۔ ترسیلات زر میں 38.8 فیصد اضافہ اور حجم 8.78 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ پاکستانی برآمدات میں 7.8 فیصد اضافہ اور حجم 7.49 ارب ڈالر رہا۔

زیرجائزہ عرصے کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں 70.4 فیصد اضافہ ہوا اور 90 کروڑ ڈالر سے بڑھ گئی۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 48 فیصد اضافے سے 77 کروڑ ڈالر رہی۔

یہ بھی پڑھیں: تین ماہ میں پاکستان کو 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ موصول

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 7.61 ارب سے بڑھ کر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔ اسٹاک مارکیٹ میں 78.4 فیصد تیزی اور 90 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گئی۔ ایک سال میں ڈالر ریٹ 280.29 سے کم ہو کر 277.62 روپے پر آگیا۔

جولائی تا ستمبر ٹیکس ریونیو میں 25.5 فیصد اضافہ اور 2 ہزار 563 ارب روپے جمع ہوئے۔ نان ٹیکس ریونیو 20.8 فیصد اضافے سے 341 ارب روپے رہا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ابتدائی 2 ماہ میں مالی خسارہ 4.3 فیصد بڑھا جبکہ حجم 841 ارب روپے سے زیادہ رہا۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 92 فیصد کمی کے بعد 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر پر آ گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More