چیف جسٹس کی تقرری کا معاملہ، پارلیمانی کمیٹی کا تحریک انصاف کو اجلاس میں بلانے کا فیصلہ

اردو نیوز  |  Oct 22, 2024

پارلیمان کی خصوصی کمیٹی نے ملک کے نئے چیف جسٹس کے لیے حتمی مشاورت کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو اجلاس میں بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے راجہ پرویز اشرف، احسن اقبال، کامران مرتضی اور رانا انصار پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تحریک انصاف کے ارکان سے رابطہ کر کے انہیں اجلاس میں شرکت کے لیے قائل کرنے کی کوشش کرے گی۔

منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزارت قانون کی جانب سے سپریم کورٹ کے تین سینیئر ترین ججوں کے نام اور کوائف پیش کیے گئے۔

کمیٹی نے جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے کوائف کا جائزہ لیا۔

کمیٹی میں مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، شائستہ پرویز ملک اور اعظم نذیر تارڑ نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر اور فاروق نائیک موجود تھے جبکہ جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضی اور ایم کیو ایم کی رعنا انصار نے اجلاس میں شرکت کی۔

تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر، صاحبزادہ حامد رضا اور بیرسٹر علی ظفر نے کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اجلاس میں شرکت کے لیے نہیں آئے۔

اس اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اگرچہ نو ارکان اجلاس میں موجود تھے اور آئین کے آرٹیکل 175 کے تحت آٹھ ارکان کا اجلاس میں موجود ہونا لازمی تھا اور اگر کوئی رکن یا جماعت اجلاس میں شرکت نہیں کرتی تو آئین کے مطابق اجلاس کو روکا نہیں جا سکتا۔

’اس کے باوجود ایک اہم قومی مسئلہ سمجھتے ہوئے ہم نے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے اور ان کی رائے کو اس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے چار رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو سپیکر چیمبر میں جا کر اپوزیشن سے رابطہ کرے گی اور انہیں اجلاس میں انے کے لیے قائل کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے یہ ضروری سمجھا ہے کہ کم از کم ایک کوشش کی جائے اور اپوزیشن کو اجلاس میں شرکت کے لیے آمادہ کیا جائے۔‘

اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ اجلاس کا دوسرا دور رات ساڑھے آٹھ بجے ہوگا اور اگر اپوزیشن اس اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی تو کمیٹی اپنا فیصلہ کر لے گی۔

خیال رہے کہ کمیٹی کی جانب سے چیف جسٹس کے نام کی سفارش کیے جانے کے بعد نام وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجا جائے گا جو ایڈوائس کی صورت میں صدر مملکت کو بھیجیں گے۔

نئے چیف جسٹس 25 اکتوبر کو ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے (فوٹو اے ایف پی)صدر مملکت کی جانب سے ایڈوائس پر دستخط کیے جانے کے بعد وزارت قانون کی جانب سے نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

نئے چیف جسٹس 25 اکتوبر کو ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

اگر نامزد کیے گئے چیف جسٹس اپنا عہدہ سنبھالنے سے انکار  کرتے ہیں تو ایسی صورت میں کمیٹی پہلے سے موجود دو سینیئر ترین ججوں کے بعد چوتھے نمبر پر موجود سینیئر جج کا نام بھی شامل کریں گے اور نئے سرے سے اس پینل پر غور کیا جائے گا۔

اسی طریقہ کار سے گزرتے ہوئے کمیٹی نئے چیف جسٹس کا نام فائنل کر کے اپنی سفارش وزیراعظم کو بھیجے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More