5 کروڑ روپے تاوان اور دشمنی ختم، بشنوئی گینگ کی سلمان خان کو نئی پیش کش

اردو نیوز  |  Oct 19, 2024

بالی وُڈ کے سپرسٹار سلمان خان ایک مرتبہ پھر بشنوئی گینگ کی وجہ سے شہ سرخیوں میں ہیں۔

اینڈ ڈی ٹی وی کے مطابق بشنوئی گینگ نے مبینہ طور پر سلمان خان کو ایک نئی پیش کش کی ہے کہ اگر وہ بیشنوئی گینگ سے اپنی دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پانچ کروڑ انڈین روپے تاوان کے طور پر ادا کریں۔

ممبئی ٹریفک پولیس کو ایک واٹس ایپ پیغام موصول ہوا ہے جس میں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر سلمان خان بشنوئی گینگ کو پانچ کروڑ روپے ادا نہیں کرتے تو وہ بابا صدیقی والے انجام کے لیے تیار رہیں۔

یاد رہے کہ انڈین ریاست مہارشٹرا کے سابق وزیر اور سلمان خان کے قریبی دوست بابا صدیقی کو بشنوئی گینگ کی جانب سے مبینہ طور پر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سلمان خان سے متعلق موصول ہونے والی اس دھمکی کے بعد پولیس کی جانب سے ان کی رہائش گاہ باندرا میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

اس سے قبل بھی بالی وڈ سٹار کو دھمکیاں موصول ہوئیں، تاہم اس تازہ دھمکی کے بعد سلمان خان کی حفاظت سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

اس سے قبل جمعرات کو ممبئی پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ کا سرغنہ گرفتار کیا تھا۔

حراست میں لیے گئے رکن کی شناخت سُکا الیاس سُکبیر بلبیر سنگھ کے نام سے ظاہر کی گئی تھی اور انہیں ہریانہ، پانی پت سے اپنی تحویل میں لیا گیا تھا۔

خبر کے مطابق حراست میں لیے گئے بیشنوئی گینگ کے رکن کے تانے بانے سلمان خان کو مارنے کے منصوبے سے ملتے ہیں۔

مبینہ طور پر بلبیر سنگھ کی جانب سے گینگ کے دوسرے ارکان کو سلمان خان پر حملہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

بلبیر سنگھ کی گرفتاری بڑے پیمانے پر ہونے والی تحقیقات کی تازہ ترین پیش رفت ہے۔

اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں ممبئی پولیس نے سلمان خان پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے بیشنوئی گینگ کے 18 ارکان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More