بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان سے دیرینہ دشمنی کے خاتمے کے لیے بڑا مطالبہ کر دیا ہے۔ بشنوئی گینگ نے دشمنی ختم کرنے کے بدلے دبنگ خان سے 5 کروڑ روپے کی بھاری رقم کا تقاضا کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، سلمان خان کی زندگی کو لاحق خطرات میں اس وقت اضافہ ہوا جب مبینہ طور پر بشنوئی گینگ کے ایک رکن نے ممبئی ٹریفک پولیس کو واٹس ایپ پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ پیغام میں واضح طور پر کہا گیا کہ اگر اداکار اپنی زندگی بچانا اور دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ بصورتِ دیگر، ان کا انجام حال ہی میں قتل ہونے والے مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیق سے بھی بدتر ہوگا۔
بشنوئی کمیونٹی کی جانب سے سلمان خان کے لیے مشروط معافی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت 5 کروڑ روپے کی ادائیگی دشمنی کے خاتمے کا واحد حل بتایا گیا ہے۔ اس دھمکی نے نہ صرف سلمان خان بلکہ ان کے مداحوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ادھر، ممبئی پولیس نے اس معاملے کی فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور اداکار کی رہائش گاہ کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
یہ تازہ ترین موڑ سلمان خان کی زندگی میں خطرات اور تنازعات کا نیا باب کھول رہا ہے، جس نے بھارتی شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں میں بےچینی کی لہر پیدا کر دی ہے۔