ملتان ٹیسٹ: ہوم گراؤنڈ پر فتح کے لیے پاکستان کا ساڑھے تین برس کا انتظار بالاخر ختم ہو گیا

بی بی سی اردو  |  Oct 18, 2024

Getty Imagesنعمان علی نے دوسری اننگز میں سات وکٹیں حاصل کی ہیں

ملتان میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں سپنرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر 12 ٹیسٹ میچوں میں پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنی سرزمین پر آخری ٹیسٹ میچ فروری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف جیتا تھا۔

یہ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کی پہلی ٹیسٹ فتح بھی ہے اور اس کے نتیجے میں انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔

297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تیسرے دن کے آخری سیشن میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانے والی انگلش ٹیم جمعے کو کھیل کے پہلے سیشن میں ہی بقیہ آٹھ وکٹوں سے محروم ہو گئی اور صرف 144 رنز ہی بنا سکی۔

پہلی اننگز کے لیے پاکستان کے ہیرو ساجد خان نے انگلینڈ کی دوسری اننگز کے پہلے ہی اوور میں بین ڈکٹ کو آؤٹ کروا کے مہمان ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی لیکن دوسری اننگز میں پاکستان کے سب سے کامیاب بولر نعمان علی رہے جنھوں نے آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جن میں جو روٹ، ہیری بروک اور بین سٹوکس جیسے اہم بلے باز بھی شامل ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی ٹیسٹ میں میچ میں دونوں اننگز میں تمام وکٹیں سپنرز نے لی ہیں۔ نعمان علی نے اس میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

انگلینڈ کو اپنے کپتان سٹوکس سے امید تھی کہ وہ اسے مشکل حالات سے نکال پائیں گے کیونکہ وہ ماضی میں کئی بار اپنی کارکردگی سے ٹیم کو یقینی شکست سے بچا چکے ہیں لیکن جب نعمان علی نے انھیں سٹمپ کروا کر اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ لی تو انگلینڈ کی ٹیم کو ایک بڑا دھچکا لگا۔

ملتان میں دوسرا کرکٹ ٹیسٹ اسی پچ پر کھیلا گیا جس پرپہلا میچ ہوا تھا اور جہاں پہلا ٹیسٹ میچ ایک ہائی سکورنگ میچ ثابت ہوا تھا وہیں اس میچ کے آغاز سے ہی پچ سپنرز کے لیے موافق ثابت ہوئی۔

جمعرات کو کھیل کے تیسرے دن گرنے والی 16 وکٹوں میں سے 13 سپنرز نے حاصل کی تھیں اور جمعے کو بھی اب تک تمام وکٹیں سپنرز کے ہی حصے میں آئیں۔

Getty Imagesانگلینڈ کو اپنے کپتان سٹوکس سے امید تھی کہ وہ اسے مشکل حالات سے نکال پائیں گے لیکن یہ امید پوری نہ ہو سکی

خیال رہے کہ پاکستان نے اس میچ میں صرف ایک فاسٹ بولر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا اور ٹیم میں تین سپنرز زاہد محمود، نعمان علی اور ساجد خان کو جگہ دی گئی تھی۔

ملتان کی پِچ پر سوشل میڈیا پر اتنی بات چیت ہوئی کہ میچ شروع ہونے سے پہلے انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اسے ’چھٹے روز‘ کی پِچ قرار دیا تاہم بعد میں یہ پوسٹ ایکس سے ڈیلیٹ کر دی گئی۔

اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سابق کپتان بابر اعظم کے علاوہ فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث گرم رہی کہ کیا انگلینڈ جیسی بڑی ٹیم کے خلاف ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے بابر اعظم کو آرام دینا درست فیصلہ ہوگا لیکن بابر اعظم کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے کامران غلام نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی ہی اننگز میں سنچری سکور کر کے اپنے چناؤ کا فیصلہ درست ثابت کیا تھا۔

ساجد خان: فوجی کا بیٹا جو ’ہر بار پرفارم کرنے پر ٹیم سے باہر ہو جاتا ہے‘غیر ملکی ٹیموں کو ہوم گراؤنڈ پر تگنی کا ناچ نچانے والے پاکستانی سپنرز کہاں گئے؟بیز بال کا دوسرا رخ اور بین سٹوکس کی جھلاہٹ’آخر بابر اور شاہین ٹیم سے تو بڑے نہیں‘’سپن ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی‘

سوشل میڈیا صارفین جہاں ایک طرف پاکستان کی فتح کے روشن امکانات پر خوشی ظاہر کر رہے ہیں تو وہیں وہ ساجد خان اور نعمان علی کی کارکردگی کی تعریف کیے بنا نہیں رہ سکے۔

ایک صارف نے لکھا کہ نعمان علی اور ساجد خان انگلش ’ڈراؤنا خواب‘ ثابت ہوئے۔

ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ اس جوڑی سے زیادہ لوگوں کو میچ جتوانے کی امید نہیں تھی مگر اس نے سب کو غلط ثابت کیا۔

اسد نامی صارف کہتے ہیں کہ اگر سپنگ وکٹ ہو تو ان دونوں کے پاس بہترین موقع ہوتا ہے۔ ’ہم نے انھیں فلیٹ پچز پر کھلا کر ان سے زیادتی کی۔‘

غیر ملکی ٹیموں کو ہوم گراؤنڈ پر تگنی کا ناچ نچانے والے پاکستانی سپنرز کہاں گئے؟ساجد خان: فوجی کا بیٹا جو ’ہر بار پرفارم کرنے پر ٹیم سے باہر ہو جاتا ہے‘بیز بال کا دوسرا رخ اور بین سٹوکس کی جھلاہٹ’جب ساجد خان نے وقت پلٹا دیا‘’آخر بابر اور شاہین ٹیم سے تو بڑے نہیں‘انگلینڈ سیریز سے بابر، شاہین، نسیم ڈراپ: ’کھلاڑیوں کو نہیں، نظام کو آرام کی ضرورت ہے‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More