آئینی ترمیم کا معاملہ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا مسودے پر اتفاق ہو گیا

اردو نیوز  |  Oct 16, 2024

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے مسودے پر ہمارا پیپلز پارٹی کے ساتھ اتفاق ہو گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے منگل کو بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کی قیادت کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات ہو گی۔ اتفاق رائے پر پہنچنے میں بلاول بھٹو زرداری کا بہت کردار ہے۔‘

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ’یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ ہم نے حکومت کا ترمیمی مسودہ مکمل طور پر مسترد کیا ہے۔ آئین تو تحفظ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘

بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ ’آج کی تفصیلی ملاقات کے بعد مجھے امید ہے کہ جو حتمی بل پارلیمان سے منظور ہو گا ، ہمارا ہی اتفاق رائے اس کی بنیاد بنے گا۔‘

انہوں نے کہا ’ کل نواز شریف کے ساتھ مولانا فضل الرحمان ملاقات کریں گے۔ کوشش ہے کہ ن لیگ کے ساتھ بھی اتفاق رائے ہو۔‘

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ’آئینی ترامیم وقت کا تقاضا ہے، کسی خاص فرد کے لیے نہیں کی جا رہیں۔ امید ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملکی مفاد میں اس ترمیم کے لیے ووٹ کریں گی۔‘

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ’ترمیم کی منظوری کی ڈیڈلائن کے بارے میں کوئی بات نہیں کروں گا۔ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی سے اِن پٹ لے سکتے ہیں تو ہم اس کو خوش آمدید کہیں گے۔ پی ٹی آئی ہم سے بات کرنے پر تیار نہیں ہوتی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کالے کوٹ کی دھمکی کے بعد ہمارے بڑوں نے جو غلطی کی اور 19ویں ترمیم منظور ہوئی، میں چاہتا ہوں کہ ہم وہ غلطی نہ دہرائیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More