عمران خان کا طبی معائنہ ہوا یا نہیں؟ پی ٹی آئی کو حکومت کے جواب کا انتظار

اردو نیوز  |  Oct 15, 2024

سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا طبی معائنہ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل جانے والے ڈاکٹر عاصم حسین کو داخلے کی اجازت نہیں ملی، اور وہ عمران خان سے ملاقات کے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کو شوکت خانم کے سابق سی ای او ڈاکٹر فیصل سلطان سے عمران خان کا طبی معائنہ کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’ہمیں آج سہ پہر یہ بتایا گیا تھا کہ پمز کی میڈیکل ٹیم جس میں ایک ای این ٹی سپیشلسٹ اور ایک میڈیکل افسر شامل ہیں، اُنہیں عمران خان کے طبی معائنہ کے لیے بھیجا گیا ہے تاہم اُس کے بعد ہمیں کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔‘

منگل کو ڈاکٹر فیصل سلطان کی جگہ شوکت خانم ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عاصم حسین بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور اُن کے طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم اُنہیں جیل میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم نے سکیورٹی عملے کو اپنے کوائف نوٹ کروائے ہیں لیکن اُن کی عمران خان سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ اُنہیں بتایا گیا کہ صرف پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں کو عمران خان کے طبی معائنے کی اجازت ہے جبکہ اڈیالہ جیل کے حکام نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کوائف جمع کروانے کے بعد بغیر بتائے واپس روانہ ہو گئے اور عمران خان سے ملاقات نہیں کی۔

دوسری جانب جب پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر سے پمز کی میڈیکل ٹیم کی جانب سے اڈیالہ جیل میں عمران خان کے طبی معائنے کے بارے میں پوچھا تو اُنہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

اس کے علاوہ اڈیالہ جیل کے حکام بھی کسی دوسری میڈیکل ٹیم کی جانب سے عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق جواب دینے سے گریزاں ہیں، تاہم اُن کا بتانا ہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کو تمام سہولیات میسر ہیں اور وہ مکمل صحت مند ہیں۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور حکومت پی ٹی آئی قیادت یا عمران خان کی فیملی میں سے بھی کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پی ٹی آئی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج اڈیالہ جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ کروانے کی یقین دہانی پر ملتوی کر دیا تھا۔ اور شوکت خانم ہسپتال کی میڈیکل ٹیم نے منگل کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرنا تھا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے ہم سے باضابطہ رابطہ کر کے یقین دہانی کروائی ہے۔ آج صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی گارنٹی پر پرامن احتجاج کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔

اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندیپنجاب کی وزارت داخلہ نے اڈیالہ جیل میں 18 اکتوبر تک تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ جس کے بعد عمران خان سے پارٹی رہنماؤں، وکلا اور خاندان کے ممبران کو ملاقات سے روک دیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی سکیورٹی وجوہات کے باعث لگائی گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More