داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ میں چینی باشندوں پر حملے کے الزام میں گرفتار دو مبینہ دہشتگرد فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں دہشت گرد محمد حسین اور ایاز عرف جہانزیب کو سکیورٹی خدشات پر ساہیوال جیل سے منتقل کیا جارہا تھا جہاں سمندری کے علاقے میں فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کو چھڑانے کے لیے ان کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔
واضح رہے کہ داسو حملے میں ملوث دہشتگردوں کو عدالت سزائے موت سنا چکی تھی، 14 جولائی 2021 کو داسو حملے میں 9 غیر ملکیوں سمیت 13 افرادہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور ہائیکورٹ نے حکومتی پروجیکٹ میں درخت کاٹنے سے روک دیا
لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکومتی پروجیکٹ میں درخت کاٹنے سے منع کر دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ کسی بھی حکومتی پروجیکٹ میں درختوں کو نا کاٹا جائے۔
عدالت نے محکمہ ماحولیات کی ہیلپ لائن سے متعلق شہریوں میں آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ای چالاننگ میں سینچری مکمل، 51 ہزار 800 روپے جرمانہ عائد
لاہور کی مال روڈ پر 108 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی کو ٹریفک پولیس روکنے میں کامیاب ہو گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کار ڈرائیور نے80 مرتبہ ٹریفک سگنل، 19مرتبہ لین لائن اور 0 مرتبہ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
ای چالان سے بچنے کے لیے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے ساتھ رد و بدل کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیر اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں 8 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی
دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کو محفوظ بنانا ہے۔ اس دوران شہر میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔
راولپنڈی کی حدود میں ڈبل سواری اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت کبوتر بازی، ڈرون اڑانے اور لیزر لائیٹس کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔
دفعہ 144 کا نفاذ 10 سے 17 اکتوبر تک کیا گیا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔