پاکستان اور قومی ائیر لائن کو برا کہنے پر معروف اداکارہ مشی خان ڈاکٹر ذاکر نائیک پر برس پڑیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ مشی خان نے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اسلامی اسکالر ذاکر نائیک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'ذاکر نائیک کا بطور اسٹیٹ گیسٹ بننے کا دورہ اختتام پزیر ہوا، ہمیشہ کی طرح جیسے جاوید اختر نے بھارت جا کر پاکستان کے بارے میں الٹا سیدھا بولا، اسی طرح ذاکر نائیک نے بھی قومی ائیر لائن کو برا بولا'۔
اداکارہ نے ذاکر نائیک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ '6 لوگوں کا ایک ہزار کلو وزن، آپ کیا لے جا رہے تھے، اگر 500 کلو آپ کو چھوڑ دیا گیا تو اسٹیٹ مہمان ہونے کا یہ مطلب ہے کہ آپ اس چیز کا فائدہ اٹھائیں اور سارا سامان فری لے کر جائیں'۔
مشی خان نے ذاکر نائیک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بارے میں آپ بول رہے ہیں کہ بھارت بہت اچھا ہے، ظاہر ہے بھارت جا کر آپ نے رہنا ہے اور آپ کو وہاں کے حالات کا پتا ہے، کیونکہ اگر آپ نےتھوڑا سا بھی کچھ کہا تو لوگ آپ کو ٹھیک ٹھاک سنا دیں گے، بھارت میں اگر ایک روپے بھی درست طریقے سے نہ دیا ہو تو انکم ٹیکس کی ٹیم بڑے سپر اسٹار کے گھر میں بھی گھس جاتی ہے، تو یہاں پر آپ کو کس خوشی میں 6 لوگوں کا ہزار کلو وزن فری دے دیں، آپ کے پاس اتنے پیسے، وسائل ہیں 500 کلو کے پیسے نہیں دے سکتے تھے؟
خواتین سے متعلق ریمارکس پر اداکارہ نے ڈاکٹر ذاکر نائیک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت دکھ ہوا آپ عورتوں کیلئے ایسے الفاظ بولتے ہیں، آپ کو مردوں کو سمجھانا چاہیے، خدا کا خوف کریں اور اپنے الفاظ کا چناؤ ٹھیک رکھیں۔
ویڈیو کے آخر میں مشی خان نے حکومت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ذاکر نائیک اور جاوید اختر جیسے لوگوں کو اسٹیٹ مہمان اور پروٹوکول دینے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت ایسے لوگوں کو کیوں بلاتی ہے جنہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کو انجوائے کرکے پھر بھارت جا کر برا کہنا ہوتا ہے، بھارت اچھا ہے تو وہیں رہا کریں، ہماری کوئی عزت نفس ہے یا نہیں۔
واضح رہے معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں اور انہوں نے کراچی کے علاوہ اسلام آباد اور لاہور میں بھی مختلف تقریبات میں شرکت کرنی ہے۔