نئی دہلی: بھارت نے معروف صنعتکار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ صنعت کار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
مہاراشٹر کی حکومت نے آنجہانی صنعتکار کے اعزاز میں آج یومِ سوگ منانے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے تمام سرکاری دفاتر میں قومی پرچم سرنگو ہے جبکہ تمام تفریحی پروگرامز کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔
رتن ٹاٹا کی میت آج جمعرات کی صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ممبئی کے نریمن پوائنٹ میں واقع نیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس (NCPA) میں رکھی گئی ہے۔ جہاں لوگ ان کا آخری دیدار کر رہے ہیں۔ جس کے بعد ان کی آخری رسومات ورلی کے علاقے میں ادا کی جائیں گی۔
بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ آنجہانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام صنعتکار کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ملٹن اس صدی کا خطرناک ترین سمندری طوفان ہوسکتا ہے، امریکی حکام
واضح رہے کہ بھارت کے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا 86 برس کی عمر میں گزشتہ روز ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ جہاں وہ کچھ عرصے سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل تھے۔
رتن ٹاٹا 1991 میں ٹاٹا سنز کے چیئرمین بنے اور 2012 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ ان کی قیادت میں ٹاٹا گروپ نے عالمی سطح پر ترقی کی۔
رتن ٹاٹا کی زیرقیادت ٹاٹا موٹرز نے ایک ایسی گاڑی متعارف کروائی جسے دنیا کی سستی ترین گاڑی کہا گیا۔