’الماری سے گرے پستول سے گولی چل گئی‘ بالی وڈ اداکار گووندا زخمی

اردو نیوز  |  Oct 02, 2024

انڈین میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے معروف اداکار گووندا کو ٹانگ میں گولی لگی ہے جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کر دیا گیا ہے۔ 

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گووندا کے مینیجر ششی سنہا کے مطابق منگل کی صبح 4 بجکر 45 منٹ پر گووندا کے لائسنس یافتہ ریوالور سے مس فائر ہونے پر انہیں ٹانگ پر گولی لگی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ 

اداکار نے ایک آڈیو کلپ بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے مداحوں، والدین اور ان کے گرو کے آشیرواد نے انہیں بچایا۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے گولی لگی تھی لیکن اسے نکال لیا گیا ہے۔ میں ڈاکٹروں اور آپ سب کی دعاؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

گووندا کے مینیجر ششی سنہا نے بتایا کہ 60 سالہ اداکار، جو شیو سینا کے رہنما بھی ہیں، واقعے کے وقت گھر پر اکیلے تھے اور جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ کولکتہ جانے کے لیے تیار ہو رہے تھے۔ 

گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کولکتہ میں ہیں اور اس واقعے کے بعد ممبئی روانہ ہو گئی ہیں۔

ششی سنہا نے مزید کہا کہ گووندا ریوالور کو الماری میں رکھ رہے تھے جب وہ فرش پر گرا اور گولی چل گئی۔ گولی ان کے گھٹنے کے نیچے لگی جس کے بعد اداکار نے اپنی اہلیہ اور اپنے مینیجر کو فون کیا۔ 

سنہا نے مزید بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد پولیس وہاں پہنچی اور گووندا کو قریبی ہسپتال لے گئی۔ ان کی حالت مستحکم ہے، وہ ابھی تک ہسپتال میں ہیں اور ان کی بیٹی ٹینا ان کے ساتھ ہیں۔

پولیس نے کہا ہے کہ اداکار نے تاحال کوئی شکایت درج نہیں کرائی۔

اداکار کے مینیجر نے بتایا کہ ’ہمارے پاس کولکتہ میں ایک شو کے لیے صبح 6 بجے کی فلائٹ تھی اور میں ایئرپورٹ پر پہنچ چکا تھا۔ گووندا جی اپنی رہائش گاہ سے ایئرپورٹ کے لیے نکلنے والے تھے کہ یہ حادثہ ہوا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More