پی آئی اے کی پروازوں کو ایران کی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا گیا

اردو نیوز  |  Oct 02, 2024

پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے اپنی تمام پروازوں کو ایران کی فضائی حدود کو استعمال کرنے سے روک دیا۔ترجمان پی آئی اے نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ ’اس حوالے سے ایئرلائن کے تمام پائلٹس اور فلائٹ آپریشن کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔‘ان کا کہنا ہے کہ ’ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق تمام پروازوں کا فلائٹ پلان ازسرِنو ترتیب دیا جا رہا ہے۔‘ 

ترجمان نے مزید بتایا کہ ’جب تک صورت حال واضح نہیں ہو جاتی، ایران  کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔‘ انہوں نے کہا کہ ’قومی ایئرلائن ایران کی فضائی حدود کے دو کوریڈور استعمال کرتی ہے۔ نادرن کوریڈور میں کینیڈا اور ترکی جانے والی پروازیں اس رُوٹ کو استعمال کرتی ہیں۔‘’دوسری جانب سدرن کوریڈور متحدہ عرب امارات (یواے ای)، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔‘یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے تناظر میں دنیا کے کئی ممالک کی ایئرلائنز نے ایران اور لبنان کی فضائی حدود استعمال کرنا بند کردی ہیں۔اُدھر منگل کو ایران نے اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کیے جس سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ایران کا کہنا ہے کہ ’اس نے یہ حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے کیا ہے۔‘دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’اس حملے کا ایران کو مناسب وقت پر اور بھرپور جوب دیا جائے گا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More