ہمارے معاشرے میں بھیک مانگنا اتنا عام ہوگیا ہے کہ اب ہر ہر گلی، محلّے اور شاہراؤں پر آُپ کو بھکاری نظر آئیں گے، ان میں کون واقعی میں ضرورت مند ہے اور کون اداکاری کر رہا ہے یہ پہچاننا اتنا ہی مشکل ہے جتنا بھوسے کے ڈھیر میں سوئی ڈھونڈنا۔
اور اب تو بھیک مانگنا ایک منافع بخش کاروبار بن گیا ہے، اور کچھ لوگ محنت مزدوری کرنے کے بجائے اسے ترجیح دینے لگے ہیں۔
ایسا ہی ایک بھکاری بھارت کے شہر ممبئی میں بھی ہے جو بھیک مانگ مانگ کر اب کروڑوں کی جائیداد کا مالک بن گیا۔
انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ، ممبئی کے رہنے والے 54 سالہ جین پچھلے 40 سالوں سے سڑکوں پر بھیک مانگ رہے ہیں۔ ان کی یومیہ کمائی 2,000 سے 2,500 روپے ہے۔ وہ دن میں 10 سے 12 گھنٹے بھیک مانگتے ہیں اور کوئی چھٹی نہیں کرتے۔ اور اب جین کی مجموعی دولت 7.5 کروڑ روپے ہے۔
حیران کن طور پر جین ممبئی میں 1.2 کروڑ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں۔ وہ اپنی بیوی، دو بیٹوں، بھائی اور والد کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے بچوں کا مہنگے اسکولوں میں داخلہ کروایا ہے۔ جبکہ ان کی دو دکانیں بھی ہیں جہاں سے اچھی خاصی آمدنی آجاتی ہے۔
مگر جین کی فیملی کے مطابق، جین کو بھیک مانگنے کی عادت ہے اور یہ کام ان کو پسند ہے جو وہ اپنی مرضی سے کرتے ہیں۔ ساتھ ہی وہ ان پیسوں سے ضرورت مندوں کی مدد بھی رتے ہیں۔