بم کی دھمکی کے بعد انڈیا سے جرمنی جانے والے طیارے کی ترکیہ میں ہنگامی لینڈنگ

اردو نیوز  |  Sep 07, 2024

انڈیا سے جرمنی جانے والی وسٹارا ایئر لائنز کی ایک پرواز کو بم کی دھمکی ملنے کے بعد ترکیہ میں مجبوراً لینڈنگ کرنا پڑی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق وسٹارا ایئر لائنز کی پرواز یوکے 27 جمعے کو انڈیا کے شہر ممبئی سے جرمنی کے شہر فرینفکرٹ جا رہی تھی۔

مسافر طیارے میں عملے کے ارکان کے علاوہ 247 مسافر سوار ہیں۔

ترکیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق اس طیارے نے مشرقی ترکیہ کے ایرزورم ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ تمام مسافروں کو جہاز سے اتار کر اب سامان کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

ترک ٹیلی وژن ہیبرترک نے رپورٹ کیا کہ طیارے کے پائلٹس نے اس وقت لینڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جب ایک مسافر نے ترکیہ کی فضائی حدود میں پہنچنے کے بعد طیارے میں بم کی موجودگی کا دعویٰ کیا۔

ایرزورم کے گورنر نے بتایا کہ حفاظتی تدبیر کے طور پر علاقے کی فضائی حدود کو دیگر پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل وسٹارا ایئر لائنز نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بناء پر طیارے کو ایرزورم ایئرپورٹ کی جانب موڑا گیا ہے۔

وسٹارا نے مزید بتایا تھا کہ طیارے کی محفوظ لینڈنگ ہو گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More