پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپرسٹار بیٹر بابر اعظم ٹیسٹ فارمیٹ میں مسلسل ناقص کارکردگی دکھانے کے باعث پانچ سال بعد ٹاپ 10 ٹیسٹ رینکنگ سے باہر ہوگئے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق بابر اعظم بنگلہ دیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد ٹاپ 10 انٹرنیشنل ٹیسٹ رینکنگ سے باہر ہوگئے۔
بابر اعظم دسمبر 2019 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین 10 بلے بازوں کی رینکنگ سے باہر ہوئے ہیں۔
بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی چاراننگز میں صرف 64 رنز بنائے۔
انہوں نے دسمبر 2022 سے لے کر اب تک ٹیسٹ فارمیٹ میں کوئی بھی سینچری سکور نہیں کی جبکہ آخری 16 اننگز میں وہ کوئی بھی ففٹی نہ بنا سکے۔
ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین 10 بیٹرز کی فہرست میں واحد پاکستانی کھلاڑی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان شامل ہیں۔
محمد رضوان ٹیسٹ رینکنگ میں 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پہلے نمبر پر انگلینڈ کے جو رُوٹ براجمان ہیں۔
اسی طرح دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن جبکہ تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ ہی کے ڈیرل مِچل موجود ہیں۔
چوتھے نمبر پر آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ جبکہ پانچواں نمبر انگلینڈ کے نوجوان بیٹر ہیری بُروک کا ہے۔
ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر انڈین کپتان روہت شرما موجود ہیں۔
اسی طرح ساتویں نمبر پر نوجوان انڈین بیٹر یاشسوی جیسوال براجمان ہیں جبکہ آٹھویں نمبر پر انڈین سٹار بیٹر وراٹ کوہلی موجود ہیں۔
نویں نمبر پر آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ موجود ہیں جبکہ دسواں نمبر محمد رضوان کا ہے۔