کینیڈا میں گلوکار اے پی ڈھلوں کے گھر پر فائرنگ کی، لارنس بشنوئی گینگ کا دعویٰ

اردو نیوز  |  Sep 02, 2024

انڈیا سے تعلق رکھنے والے معروف پنجابی گلوکار اے پی ڈھلوں کے کینیڈا میں واقع گھر کے باہر فائرنگ کی گئی ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق گلوکار کینیڈا کے شہر وینکیور میں رہائش پذیر ہیں۔

فائرنگ کا یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جس کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن نے قبول کی ہے جنہوں نے ویڈیو میں اپنا نام روہت گودارا بتایا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک شخص کو ایک گھر کے باہر رات کے وقت فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے تاہم ویڈیو کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔

رپورٹ کے مطابق تاحال اس ویڈیو کے علاقے کے بارے میں بھی معلومات نہیں مل سکیں اور اے پی ڈھلوں نے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

اے پی ڈھلوں کے کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے وکٹوریا آئی لینڈ میں واقع گھر کے باہر فائرنگ کی مقامی پولیس کو ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی اس کی تردید کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو پوسٹ میں گینگسٹر روہت گودارا دعویٰ کر رہا ہے کہ فائرنگ کینیڈا کے دو مقامات وکٹوریہ آئی لینڈ اور ووڈ برج ٹورنٹو میں کی گئی۔

ویڈیو پوسٹ کے مطابق پنجابی گلوکار کے گھر کے باہر فائرنگ اُن کی ایک میوزک ویڈیو کے ردعمل میں کی گئی جس میں انہوں نے سلمان خان کو دکھایا ہے۔

اس ویڈیو پوسٹ میں گینگسٹر نے گلوکار کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ گینگسٹر کا دعویٰ ہے کہ اس کا تعلق لارنس بشنوئی سے ہے۔

انڈیا کی سکیورٹی ایجنسیاں ویڈیو پوسٹ میں کیے گئے دعوؤں کی تصدیق کے لیے ویڈیو کا تجزیہ کر رہی ہیں۔

لارنس بشنوئی گینگ انڈیا کے مشہور اداکار سلمان خان کو کالے ہرن کے شکار کے بعد سے نشانے پر رکھے ہوئے ہیں۔

گلوکار اے پی ڈھلون کو 80 کی دہائی کے سنتھ پاپ میوزک کو پنجابی موسیقی کے ساتھ ملانے کے لیے جانا جاتا ہے۔

موسیقی کے عالمی افق پر ان کا عروج ’براؤن منڈے‘، ’ایکسکیوزز‘، ’سمر ہائی‘، ’وِد یو‘، ’دل نو‘ اور ‘اِنسین‘ جیسے گانوں کی وجہ سے ہوا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More