انڈیا میں موسلادھار بارشوں سے 25 ہلاکتیں، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

اردو نیوز  |  Sep 02, 2024

انڈیا کی جنوبی ریاستوں میں مون سون کی موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ہزاروں افراد کو بچا کر امدادی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں ریاست تلنگانہ میں کم از کم 16 جبکہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

تلنگانہ کے محکمۂ ڈیزاسٹر رسپانس اور فائر سروس کے ڈائریکٹر جنرل وائی ناجی ریڈی نے کہا ہے کہ ’بہت سارے مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 400 ملی میٹر (15.7 انچز) بارش ہوئی ہے۔‘

تلنگانہ میں تقریباً 3800 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے اور انہیں ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

پیر کو انڈیا کی فضائیہ نے کہا ہے کہ اس نے دونوں ریاستوں کے لیے 200 سے زیادہ ریسکیو افسران اور 30 ​​ٹن ہنگامی امداد پہنچا دیا ہے۔

بارشیں ہر سال بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بنتی ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے قدرتی آفات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے مغربی ریاست گجرات میں تین دنوں میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اگست میں شمال مشرقی ریاست تریپورہ بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آئی تھی جس میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں، انڈیا سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے اسی عرصے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے تھے اور تقریباً تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More