سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’سلطان‘ میں کام کی آفر ٹھکرا دی تھی: کنگنا رناوت

اردو نیوز  |  Aug 25, 2024

انڈین اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت، جن کا دعویٰ تھا کہ بالی وڈ نے ان کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے، نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان ان پر بہت مہربان رہے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق کنگنا جو اپنی نئی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں ’بجرنگی بھائی جان‘ میں کرینہ کپور والا کردار اور ’سلطان‘ میں بطور ہیروئن کام کی پیشکش کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’سلمان نے مجھے بجرنگی بھائی جان میں کردار کی پیشکش کی، میں نے یہ کہا ’یہ کیا کردار دیا ہے؟‘ پھر انہوں نے سلطان کے لیے مجھ سے رابطہ کیا۔ میں نے پھر انکار کر دیا۔ وہ کہتے تھے کہ اب میں آپ کو مزید کیا پیش کروں؟‘

کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ ان کے سلمان خان کی فلموں میں کام کرنے سے انکار کے باوجود وہ ان پر مہربان رہے۔

’سلمان بہت مہربان ہیں۔ وہ مجھ سے بات کرتے رہتے ہیں۔ وہ ایمرجنسی دیکھنے کے لیے بھی پرجوش ہیں۔ ہمارے ایک مشترکہ دوست ہیں، انہوں (سلمان) نے انہیں بھیجا کہ تم جاؤ دیکھو اس نے کیا فلم بنائی ہے۔ پھر انہوں نے مجھے فون کیا اور کہا کہ یہ ایک اچھی فلم ہے۔‘

کنگنا رناوت آج کل اپنی نئی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ (فوٹو: یوٹیوب)قبل ازیں اداکارہ نے اپنی فلم ’ایمرجنسی‘ کے ٹریلر لانچ کے دوران تینوں خانز کے لیے ہدایت کاری کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’میں تینوں خانز کے ساتھ ایک فلم پروڈیوس اور ڈائریکٹ کرنا پسند کروں گی۔ اور میں ان کے باصلاحیت پہلو کو بھی دکھانا پسند کروں گی۔‘

خیال رہے کہ ایک اور انٹرویو میں کنگنا نے خانز کے ساتھ فلمیں نہ کرنے کے حوالے سے کہا تھا کہ ’میں نے ان کی فلموں میں کام اس لیے نہیں کیا کیونکہ ان کی فلموں میں ہیروئنز صرف دو مناظر اور ایک گانے تک محدود ہوتی ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More