اسلام آباد کے داخلی راستے سیل ، اسکولوں میں چھٹی، میٹرو بس سروس بھی بند

ہم نیوز  |  Aug 22, 2024

پی ٹی آئی کی جانب سے ترنول میں جلسے کی کال کے معاملے پر پولیس نے اسلام آباد کے داخلی راستے سیل کر دیے ہیں، میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔

ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا گیا ہے، ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی پولیس نے مکمل سیل کر دیا، راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جبکہ فراہم کردہ متبادل راستوں پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، راولپنڈی میں 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور انتظامیہ نے شہر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسےکا این او سی منسوخ کردیا

واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی بھی منسوخ کر دیا ہے، دوسری جانب تحریک انصاف نے ہر صورت ترنول میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، ترنول میں ممکنہ جلسے کو ناکام بنانے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے جی ٹی روڈ پر کنٹینرز رکھ دیے ہیں جبکہ جلسہ گاہ کو بھی کھود دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کی مجموعی صورتحال کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔مارگلہ ایونیو جی ٹی روڈ سے بند کردیا گیا، ریڈ زون میں داخلے کیلئے صرف مارگلہ ایونیو کو کھلا رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More