جنرل (ر) فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا، کورٹ مارشل کی کارروائی شروع: آئی ایس پی آر

اردو نیوز  |  Aug 12, 2024

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے کر ان کا کورٹ مارشل شروع کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ایک تفصیلی کورٹ آف انکوائری، پاکستان فوج نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید (ریٹائرڈ) کے خلاف ٹاپ سٹی کیس میں شکایات کی درستگی کا پتہ لگانے کے لیے کی تھی۔ نتیجتاً پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس کے علاوہ ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی کے متعدد واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید (ریٹائرڈ) کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔‘

خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کا بطور پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی میں پہلے بطور ڈی جی سی اور پھر ڈی جی کے طور پر ادوار تنازعات کا شکار رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی سمیت کئی سیاسی جماعتوں نے متعدد بار فیض حمید پر سیاست میں مداخلت، دباؤ ڈالنے اور پاکستان تحریک انصاف کی حمایت جیسے الزامات عائد کیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ان کی آئی ایس آئی سے ٹرانسفر پر عمران خان اور سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں اختلافات سامنے آئے تھے۔ کئی مہینے تک چلنے والے اس تنازع کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور لگا دیا گیا۔ ان کی آخری پوسٹنگ بطور کور کمانڈر بہاولپور تھی لیکن جنرل عاصم منیر کے آرمی چیف بننے کے بعد انہوں نے اپنی ملازمت کی مدت ختم ہونے سے چھ مہینے قبل ہی ریٹائرمنٹ لے لی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More